کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایوان نے سندھ ای رجسٹریشن ترمیمی ایکٹ منظور کرلیا، ترمیمی قانون کے تحت زمینوں کے کھاتوں ، لیز اور جائیداد کی ای رجسٹریشن کا نظام متعارف،ڈیجیٹل نظام کے تحت رجسٹریشن کے لئے پہلے سے موجود آرڈیننس کو ترمیمی قانون کے ذریعے ایوان سے منظور کروایاگیا ہے،قبل ازیں سندھ رجسٹریشن آرڈیننس کے مسودہ قانون پر خصوصی کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی اور کمیٹی کی ترامیم بھی ایوان سے منظورکروالی گئیں،ترمیمی قانون سے جائیداد کی ای رجسٹریشن میں آسانی ہوگی ،وزیر بلدیات نے توجہ دلاؤ نوٹس پر ایوان کو بتایا کہ برساتی نالوں کو سیوریج نظام سے الگ کرنےکا کام شروع کر دیاگیا ہے یہ ایک ارب ڈالر کا منصوبہ ہے، سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیر صدارت شروع ہو اتو پارلیمانی کارروائی کی کوریج کرنے والے صحافیوں نے چند روزقبل فائرنگ سے زخمی پنو عاقل کے صحافی نصراللہ گڈانی کی وفات پر پریس گیلری میں بھر پور احتجاج کیا، جس کے جواب میں سینئر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے ایوان کو یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔