• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رفح پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی وحشیانہ حملہ، ہر آنکھ اشک بار

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

رفح میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی افواج کے حالیہ وحشیانہ حملوں کے خلاف معروف شخصیات غم کے آنسو بہانے لگیں۔

ہر ایک کا صرف ایک ہی مطالبہ کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کروائی جائے، اسرائیلی حملوں کو نسلی کشی قرار دیا جائے۔

مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے معصوم فلسطینیوں سے اظہارِ یک جہتی کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پیغامات جاری کیے ہیں۔

محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو، سابق وزیر اعظم ذولفقار علی بھٹو کی پوتی، سماجی کارکن و مصنفہ فاطمہ بھٹو، بھارتی سابقہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اسرائیلی بربریت کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کبھی تسلیم نہیں کر سکتے کہ ایک ملک کے دفاع کی خاطر دوسرے کے بچوں کو زندہ جلانا ضروری ہے، اسے ٹینٹ قاتلِ عام قرار دیا جائے، اسے ہولوکاسٹ اور اسرائیل کو دہشت گرد ریاست قرار دیا جائے۔

پاکستانی شوبز فنکاروں، ماہرہ خان، سجل علی، ماورا حسین، بلال عباس، صبا قمر، صبور علی، حرا خان، کبریٰ خان سمیت دیگر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ رفح جل رہا ہے، تمام نگاہیں رفح پر ہیں۔

ان کے مطابق ہم اس دنیا میں ایسے لوگوں کے ساتھ رہ رہے ہیں جو بچوں کو زندہ جلاتے، ان کے سر تن سے جدا کرتے، ان پر بم برساتے ہیں اور پھر اسے جنگ کا نام دیتے ہیں، اب یہ دنیا پہلے جیسی، بے قصور معصوم پھر کبھی نہیں رہے گی اور اب ہمیں اسی بے حس دنیا میں زندہ رہنا ہے کیونکہ پمارے پاس کوئی دوسرا آپشن موجود نہیں ہے۔

غیر ملکی فنکار براق اوزچویت، دیا مرزا اور باکسر عام خان بھی فلسطینیوں کی نسل کشی پر خاموش نہ رہ سکے اور مظلوموں سے اظہارِ یک جہتی کرتے ہوئے اسے رفح ہولوکاسٹ قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں رفح میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی افواج کے وحشیانہ حملے میں آتش گیر مواد کا استعمال کیا گیا، جس کے باعث 75 سے زائد فلسلطینی پناہ گزین زندہ جلا دیے گئے جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔

یہاں یہ واضح رہے کہ فلسطینی حکام کے مطابق رفح پر حملے والے مقام سے کچھ دن پہلے اسرائیلی مغویوں کی میتیں ملی تھیں۔

بعدازاں فلسطینی شہریوں نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا کہ اسرائیلی مغویوں کی موت کا بدلہ فلسطینیوں کو زندہ جلا کر لیا گیا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید