• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکار ننداموری بالاکرشن نے تقریب میں ساتھی اداکارہ انجلی کو زور سے دھکا دے دیا


بھارتی تیلگو سنیما کے معروف اداکار ننداموری بالاکرشن نے ایک تقریب میں ساتھی اداکارہ انجلی کو زور سے دھکا دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 63 سالہ اداکار جو کہ سیاستدان بھی ہیں شاید بھول گئے تھے کہ تقریب میں بڑی تعداد میں کیمرے موجود ہیں، ان کی یہ حرکت کئی کیمروں میں ریکارڈ ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ننداموری بالاکرشن نے اسٹیج پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ انجلی کو دھکا دیا، وہ اس دوران گرتے ہوئے بال بال بچیں، انہیں سمجھ ہی نہیں آیا کہ اداکار نے ایسی حرکت کیوں کی تاہم انہوں نے اسٹیج پر مسکرا کر بات کو دبانے کی کوشش کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ننداموری بالاکرشن نے اسٹیج پر اداکارہ کو اپنے لیے جگہ بنانے کا کہا تھا تاہم ساڑھی پہننے کی وجہ سے اداکارہ کو پیچھے ہٹنے میں تھوڑی دیر لگی جس پر انہوں نے انجلی کو دھکا دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ننداموری بالاکرشن کے اس رویے پر وہاں موجود دوسری اداکارہ نیہا شیٹی سمیت دیگر افراد بھی چونک گئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کے اس رویے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد اسے لوگوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر مزید پھیلایا گیا جس کے بعد سے ان پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید