کراچی(مطلوب حسین /اسٹاف رپورٹر) رواں سال کے پانچ ماہ میں 6 ہزار کے قریب جرائم پیشہ عناصر کو سینٹرل جیل کراچی میں قید کےلیے منتقل کیا گیا جس سے جیل بھرگئی ہے۔
اتنی بڑی تعداد میں ملزمان قیدکئے جانے کے باوجود شہر آج بھی جرائم پیشہ عناصر سے بھرا پڑا ہے اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کم ہونے کے بجائے بڑھ رہی ہیں۔
جنوری 2024 سے 31 اپریل تک 5 ہزار 8 سو81 ملزمان کو سینٹرل جیل کراچی میں قیدکیا گیا، سب سے زیادہ ا پریل کے مہینے میں 1371 ملزمان سینٹرل جیل بھیجے گئے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں جرائم کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر پولیس اور دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں تیزی کے باعث سینٹرل جیل کراچی قیدیوں سے بھر چکا ہے۔
21 مئی 2024 تک موصول اعداد و شمار کے مطابق سینٹرل جیل کراچی میں مجموعی طور پر 6 ہزار 9 سو 33 قیدی موجود ہیں جن میں رواں سال قید کئے گئے 5 ہزار 8 سو81 ملزمان شامل ہیں۔
سینٹرل جیل کراچی میں رواں سال جنوری کے مہینہ میں 1195،فروری کے مہینہ میں 1029، مارچ کے مہینہ میں 1287، اپریل کے مہینہ میں 1371 اور مئی کے مہینہ میں21 تاریخ تک 999 قیدیوں کو داخل کیا گیا ہے۔
دوسری طرف سینٹرل جیل کراچی سے رواں سال ضمانتوں پر یا مقدمات میں بری ہونے پر 3 ہزار 2 سو11 قیدی رہا کیا جکا ہے، جنوری میں 805، فروری میں 671،مارچ میں 753،اپریل مٰں 674اور مئی میں 21 تاریخ تک 308 قیدی رہا کئے گئے۔
کراچی کا سینٹرل جیل قیدیوں سے بھر دیا گیا ہے تاہم شہر میں امن ہوتا دیکھائی نہیں دے رہا آ ئے روز معصوم شہری ڈاکوئوں کے ہاتھوں لوٹے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ دئے گئے اعداد و شمار صرف کراچی کے سینٹرل جیل کے ہیں جبکہ لانڈھی بچہ جیل میں قید کئے گئے جرائم پیشہ عناصر کے اعداد شمار علیحدہ ہی ۔