• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالجز میں انٹر سال اول کے داخلے نویں کی بنیاد پر یکم جولائی سے ہونگے

کراچی(سید محمد عسکری) سندھ کے تعلیمی بورڈز کی جانب سے میٹرک کے نتائج کے اجراء میں تاخیر کے باعث سندھ کے سرکاری کالجز میں انٹر سال اول کے داخلے برائے سال 25-2024 بھی نہم جماعت کے نتائج کی بنیاد پر SECCAP کے ذریعے دیئے جائیں گے داخلہ فارم آن لائن دستیاب ہوگا اور آن لائن ہی جمع ہوگا جب کہ داخلوں کا آغاز یکم جولائی سے ہوگا اور یہ داخلے 25جولائی تک جاری رہیں گے۔ 

یہ بات ڈی جی کالجز سندھ پروفیسر زاہد راجپر نے اپنے دفتر میں جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ اے اور اے ون گریڈ کے داخلے اوپن میرٹ پر ہوں گے جب کہ بی، سی اور فی گریڈ کے داخلے زون کی بنیاد پر ہوں گے۔ 

انھوں نے کہا کہ کراچی میں دو نئے کالجز میں بھی داخلے دیئے جائیں گے ایک بوائز کالج سیکٹر 45 نزد کورنگی 5 میں کھولا گیا ہے جہاں صابر حسین سومرو کو پرنسپل مقرر کیا گیا ہے جب کہ ایک بوائز کالج گلشن حدید میں دوپہر کی شفٹ میں ہے جہاں دیدار علی جعفری کو پرنسپل مقرر کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انٹر سال اول میں سندھ بھر میں دو لاکھ 67 ہزار 877 داخلے دیئے جائیں گے جب کہ کراچی میں پری میڈیکل میں 27 ہزار 9 سو، پری انجنئرنگ میں 25 ہزار چار سو،کمپیوٹر سائنس میں 15315، آرٹس میں 18238، کامرس میں 31ہزار 96اور ھوم اکنامکس میں 1712 داخلے دیئے جائیں گے۔ 

ڈی جی کالجز سندھ پروفیسر زاہد راجپر نے کہا کہ یکم اگست سے انٹر سال اول کی کلاسیں شروع کردی جائیں گی ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ گرمی سے محفوظ رہنے کے لیے آئندہ سال میٹرک کے امتحانات مارچ میں اور انٹر کے اپریل میں ہوں تاہم اس کی حتمی منظوری اسٹیرنگ کمیٹی ہی دے گی۔

اہم خبریں سے مزید