• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی حکومت نے کشمیریوں کو عید گاہ سرینگر میں نماز کی ادائیگی سے روک دیا

سرینگر (اے پی پی)نریندر مودی کی فرقہ پرست بھارتی حکومت نے کشمیری مسلمانوں کو عید گاہ سرینگر میں ایک مرتبہ پھر عید الاضحیٰ کی نماز کی ادائیگی سے روک دیا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھی کل بروز پیر عید الاضحیٰ منائی جائے گی،رپورٹکے مطابق مقبوضہ علاقے کے وقف بورڈ نے عید گاہ میں نماز عید کے انتظامات نہیں کیے ہیں ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ایک رہنما کی سربراہی میں قائم وقف بورڈ عید گاہ کی اپ گریڈیشن اور مرمت کے بہانے کشمیریوں کو یہاں مسلسل نماز عید کی ادائیگی سے روک رہا ہے۔دریں ا ثنا انجمن اوقاف جامع مسجدسری نگر نے وقف بورڈ کے رویے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ نے عید گاہ کی مرمت کا کام ایک برس سے زائد عرصے سے لٹکا رکھا ہے اور بار بار کی درخواستوں کے باوجود کام مکمل نہیں کیا جا رہا ۔ انجمن اوقاف جامع مسجد نے مزید کہا کہ اس نے نماز عید کے انتظامات کے لیے وقف بورڈ کو کئی خطوط بھی لکھے جنہیں بدقسمتی سے نظر انداز کر دیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ انجمن اوقاف جامع مسجد نے عید گاہ کے بجائے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں صبح نو بجے عید نماز ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمرفاروق صبح 8 بجے خطبہ دیں گے۔

دنیا بھر سے سے مزید