• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: کیا عید کی نماز کے بعد دعا کا ثبوت ہے؟

جواب: عید کی نماز کے بعد بھی باقی نمازوں کی طرح ہاتھ اٹھاکر دعا کرنا جائز ہے، عید کے دن دعا کا ذکر تو صحیح احادیث میں موجود ہے، لیکن روایت میں یہ تصریح نہیں ہے کہ یہ دعا عید کی نماز کے بعد خطبہ سے پہلے ہوتی تھی یا خطبہ کے بعد، اس لیے اس میں دونوں باتوں کا اختیار ہے کہ امام اور مقتدی مل کر کسی ایک موقع پر دعا مانگ لیں، خواہ نماز کے بعد یا خطبہ کے بعد، اور جس بھی موقع پر مانگیں اسے دعا کے لیے مخصوص اور مسنون نہ سمجھیں، اور نماز کے بعد دعا مانگنے والے خطبہ کے بعد دعا مانگنے والوں کو ملامت نہ کریں اور نہ ہی خطبہ کے بعد دعا مانگنے والے نماز کے بعد دعا کرنے والوں پر طعن وتشنیع کریں۔

بخاری اور دیگر صحاح ستہ کی اس حدیث میں جو عورتوں کے لیے عیدگاہ آنے سے متعلق ہے یہ الفاظ ہیں:

” فلیشھدن الخیر ودعوۃ المسلمین، ولیعتزلن المصلی“۔

یعنی حائضہ عورتیں بھی جائیں ، نیکی اور مسلمانوں کی دعاؤں میں شریک ہوجائیں، ہاں نماز سے علیحدہ رہیں۔ حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ ایک سوال کے جواب میں تحریر فرماتے ہیں : ”واقعی بعد نماز عید یاخطبہ دعا مانگنا بالخصوص منقول تو نہیں دیکھا گیا اور "دعوتھم" سے استدلال ناتمام ہے، کیوں کہ اس میں کسی محل کی تصریح نہیں کہ یہ دعا کس وقت ہوتی ہے، پھر محل خاص میں ان کے ہونے پر استدلال کرنا ظاہر ہے کہ غیر تمام ہے، ممکن ہے کہ یہ دعا وہ ہو جو نماز کے اندر یا خطبہ کے اندر عام صیغوں سے کی جاتی ہے جو سب مسلمانوں کوشامل ہوتی ہے اور حاضرین پر اس کے برکات اول فائض ہوتے ہیں، لیکن بالخصوص منقول نہ ہونے سے حکم ابتداع کا بھی مشکل ہے؛ کیوں کہ عموماتِ نصوص سے فضیلت دعا بعد الصلاۃ کی ثابت ہے، پس اس عموم میں اس کے داخل ہونے کی گنجائش ہے، اور اگر کوئی شخص بالخصوص منقول نہ ہونے کے سبب اسے ترک کرے اس پر بھی ملامت نہیں۔ بہرحال یہ مسئلہ ایسا مہتم بالشان نہیں ہے دونوں جانب میں توسع ہے۔‘‘ (امداد الفتاویٰ، 1/405، ط: دارالعلوم کراچی)

مفتی اعظم ہند ،مفتی کفایت اللہ رحمہ اللہ ایک سوال کے جواب میں تحریر فرماتے ہیں:’’

سوال:۔ عیدین کے بعد دعا مانگنا ثابت ہے یا نہیں ؟ اگر نہیں تو الدعاء مخ العبادات کا کیا مطلب ہوا؟

جواب:۔ عیدین کے بعد دعا مانگنے کا فی الجملہ تو ثبوت ہے، مگر تعین موقع کے ساتھ ثبوت نہیں کہ نماز کے بعد یا خطبہ کے بعد دونوں موقعوں میں سے کسی ایک موقع پر دعا مانگنے میں مضائقہ نہیں ہے۔ “(کفایت المفتی 3/251)