• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے وفاقی بجٹ کو عوام دشمن قرار دیکر مسترد کردیا۔آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ کسانوں، مزدوروں، غریبوں کیلئے اس بجٹ میں کچھ نہیں، بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف فراہم نہیں کیا، اس وقت ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی اور بیروزگاری ہے،یہ وفاقی بجٹ عوام کی نمائندگی نہیں کرتا، جبکہ شازیہ مری نے کہا وزیر خزانہ کی تقریر پر ہم نے ٹوکن واک آوٹ کیا تھا، ایوان میں نہیں تھے، بلاول بھٹو زرداری کو اعتماد میں لے کر یہ بجٹ نہیں بنا، یہ وزیر خزانہ تصحیح کرلیں،ہم چاہتے ہیں ٹیکس نیٹ بڑھے مگر ہم نہیں چاہتے تنخواہ دار کو رگڑا لگے۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے کہا کہ پوچھنا چاہتی ہوں کہ کیا پاکستان کے لوگ اس عوام دشمن بجٹ کے مستحق ہیں۔ پی پی رہنما نے کہا کہ ہمیں عام آدمی کے ریلیف کیلئے آگے بڑھنا ہوگا اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کرنا ہوگا۔ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ بجٹ کی ترجیحات میں کسان اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا چاہیے تھا، ہمیں کسان کو مضبوط کرنا ہوگا، دراصل کسان کو کبھی سیلاب تو کبھی گندم درآمد کا مسئلہ ہے۔پی پی رہنما نے کہا کہ شدید گرمی میں 15سے 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ عذاب ہے، ہمیں ملک کے غریب ترین شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنا ہوں گی، ہمیں پاکستان اور قوم کی خوشحالی کیلئے کام کرنا ہوگا۔ اجلاس سے خطاب میں شازیہ مری نے کہا کہ اس ایوان میں خواتین کا خیال رکھا جائے، یہاں کہا گیا کہ ہم نے چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چوڑیاں تو آپکی مائیں اور بیٹیاں بھی پہنتی ہیں، اسے طعنہ نہ بنائیں۔پی پی پی رہنما نے کہا کہ سرگودھا اور سوات کے واقعات تکلیف دہ تھے، جتھے جسٹس مسائل کا حل نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ سرگودھا اور سوات جیسے واقعات پر کبھی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرنی چاہیے۔شازیہ مری نے کہا کہ غزہ میں بچوں، عورتوں، بزرگوں پر اسرائیلی فورسز کی بربریت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم اس حکومت کے ساتھ بیٹھے تو کسی معاہدے کے تحت بیٹھے تھے، ہم نے جو معاہدہ کیا تھا، اسکا احترام نہیں کیا جارہا تھا، ہم ملکر کام کرنا چاہتے ہیں۔ پی پی رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کے استحکام اور عوام کیلئے ہمیشہ حمایت کرتی ہے، ہمارے نمائندوں کو وہ عزت نہیں مل رہی تھی، جسکی وجہ سے ہم اپنے اعتراضات پر بات کرنے کیلیے مجبور ہوئے۔شازیہ مری نے کہا کہ آپ کا فوکس اچھا خاصا ٹیکسوں پر ہے۔

اہم خبریں سے مزید