کراچی (اسٹاف رپورٹر / جنگ نیوز )کراچی میں شدید گرمی نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیااور گرمی سے شہریوں کی ہلاکت کا سلسلہ شروع ہوگیا،گرمی اور لو لگنے سے 6؍ افراد انتقال کرگئے ۔ شہر کادرجہ حرارت 41ڈگری تک پہنچ گیا جو 52ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کیا گیا، شہر مرطوب موسم کی لپیٹ میں ہے جس سے شہریوں کے معمولات زندگی متاثر ہورہے ہیں ، شدید گرمی کے باعث سڑکیں اور بازار ویران نظر آئے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ ہیٹ ویو مزید 3دن برقرار رہے گی ۔ ماہرین صحت نے کہا ہے کہ شہری غیر ضروری باہر نہ نکلیں ۔ تفصیلات کےمطابق کراچی میں گرمی سے شہریوں کی ہلاکت کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ پیر کو گرمی اور لو لگنے سے متاثرہ 45 افراد کو سول اسپتال کراچی میں لایا گیا جن میں سے 6 افراد انتقال کر گئے۔ سول اسپتال کراچی کے شعبہ حادثات کے سربراہ ڈاکٹر عمران سرور کے مطابق انتقال کر جانے والے افراد مرگی، ذیابطیس اور بلند فشار خون سمیت دیگر امراض میں بھی مبتلا تھے، بقیہ مریضوں کو طبی امداد دینے کے کچھ گھنٹوں میں ڈسچارج کردیا گیا۔ جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کے انچارج ڈاکٹر عرفان کے مطابق چار دنوں کے دوران جناح اسپتال میں دس مریضوں کو لایا گیا، تمام مریضوں کو طبی سہولیات دے ڈسچارج کردیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گرمی سے متاثرہ فرد کو متلی، چکرآنے، دل گھبرانے اور شدید بخار کی علامات ظاہر ہورہی ہیں۔ دوسری جانب ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، ضروری کام ہو توباہر نکلنے سے پہلے گیلے کپڑے سے سر اور جسم ڈھانپ لیں، پانی کی بوتل ساتھ رکھیں، مرغن غذاؤں کے بجائے سادہ غذا، سبزیوں ، دہی ، لسی اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔