کراچی(اسٹاف رپورٹر)جمشید روڈ پر پولیس وردی میں ملبوس کار سوار ملزمان نےسکھر سے آئے تاجر سے لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹر تھانے کی حدود جمشید روڈ میزان بینک کے قریب کرولا کار میں سوار پولیس وردی میں ملبوس مسلح ملزمان نے سکھر سے آئے تاجر واجد حسین ولد سخاوت حسین کو پوچھ گچھ کے بہانے اپنے پاس بلایا اور تلاشی کے دوران جیب سے 3لاکھ 60 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے،متاثرہ شہری کاکہنا ہےکہ وہ گاڑیوں کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہے اسی سلسلے میں سکھر سے کراچی آئے تھے ،جمشید روڈ پر کار سوار ملزمان جو پولیس وردی میں ملبوس تھے ،ان کے پاس گاڑی میں اسلحہ اور واکی ٹاکی سسٹم بھی موجود تھا،گاڑی کے پچھلے شیشے سیاہ تھے اور گاڑی میں آگے پولیس وردی میں دو افراد موجود تھے ،انہوںنے پوچھ گچھ کے دوران شناخت کارڈ دکھانے کو کہا شناختی کارڈ لینے کے بعد شلوار کی جیب میں تلاشی کے بہانے 3لاکھ 60 ہزار روپے نکال لئے میں نے مزاحمت کی کوشش کی تو مجھے گاڑی سے پیچھے دھکا دے دیا اور فرار ہوگئے ۔پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرنے کی بجائے متاثرہ شہری سے سادہ کاغذ پر درخواست وصول کرکےمتاثرہ شہری کو ٹال دیا۔