• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خوردبرد کیس میں سابق ایس ایچ او، ہیڈ کانسٹیبل سے 6کروڑ57لاکھ برآمد

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے مال خانہ سے چوری کی گئی رقم خوردبرد کرنے کے مقدمہ میں گرفتار سابق ایس ایچ او تھانہ مندرہ یاسر محموداور ڈرائیور ہیڈ کانسٹیبل اسد محمود سے 6 کروڑ57لاکھ روپے برآمد کرلئے گئے۔منگل کو ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی حافظ کامران اصغر نے ایس پی صدر ڈویژن نبیل کھوکھر کے ہمراہ نیوز بریفنگ میں بتایاکہ یہ معاملہ 31مئی سے چل رہا ہے۔ ملزمان اب جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں، انہوں نے کہاکہ ایف آئی اے مالخانہ سے چوری میں 7ملزمان ملوث تھے،محرر مالخانہ کو اغواء کیا گیا جس کی الگ ایف آئی ار اسلام آباد میں درج ہے۔ مال خانہ سے چوری کے بعد 2ملزمان رقم لیکر مندرہ ٹول پلازہ تک پہنچے،یہ پولیس کی کامیابی تھی کہ کسی اطلاع کے بغیر مذکورہ گاڑی روکی اور تمام لوٹی گئی رقم برآمد کی گئی ۔انہوں نے بتایاکہ انکوائری کے مطابق 10کروڑ روپے غائب تھے انکی برآمدگی سٹیپ بائی سٹیپ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کو پکڑنے اوررقم کیریکوری میں ایس ایچ او گوجر خان اور مندرہ کا اہم کردار ہے،ملزمان کے ساتھی پرائیویٹ شخص کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا اوراس سے بھی ریکوری کی جائے گی ۔سابق ایس ایچ او مندرہ انسپکٹر یاسراعوان اور ہیڈ کانسٹیبل اسد سے ریکوری کی گئی ہے ،انسپکٹر یاسر سے 5کروڑ سے زائد،اسد سے ڈیڑھ کروڑ سے زائد ریکوری ہو چکی ہے۔ایس ایس پی آپریشنزنے کہامقدمہ میں نامزد بقیہ 7ملزمان میں کسی کو تاحال ڈسچارج نہیں کیا گیا۔ مقدمہ میں نامزد پرائیویٹ شخص کا نام نعیم ہے جو اٹک کا رہنے والا ہے،اسے بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا،ایس ایس آپریشنزفلائٹ لیفٹیننٹ(ر)حافظ کامران اصغرنے کہا کہ پونے 10کروڑ کی رقم تھانے منتقل کرنے کے بعد غائب کی گئی،اس معاملہ میں تھانے کی اس جگہ کو استعمال کیا گیا جہاں سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں تھے۔
اسلام آباد سے مزید