• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینگی لاروا کی افزائش بڑھنے کا خدشہ،انتظامیہ کی احتیاطی تدابیر کی ہدایت

اسلام آباد ( ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار ) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موجودہ موسمی حالات میں آئندہ دو ماہ میں ڈینگی لاروا کی افزائش مزید بڑ ھ جائے گی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ مہرین بلوچ کے دستخطوں سے ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجو کیشن، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری ،چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈسمال انڈسٹری اور انڈسٹریل ایسوسی ایشن کو اس ضمن میں مراسلے بھیجے گئے ہیں جس میں ڈینگی لاروا کی افزائش کو روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں میں ٹیچرز، سٹوڈنٹس اور دیگر سٹاف کو احتیاطی اقدامات کی آگاہی دی جائے، مچھر سے بچنے کے لیے مکمل بازو والے کپڑے پہننے اور مچھر بھگانے والی ریپیلرز کی ترغیب دی جائے، ایف ڈی ای اور پیرا کی جانب سے سٹاف، ٹیچرز اور سٹوڈنٹس کو ڈینگی آگاہی مہم کا حصہ بنائیں۔ مراسلے میں تمام کاروباری مراکز اور فیکٹریز میں ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنا نے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ دریں اثنا ڈی سی کی زیر صدارت اسسٹنٹ کمشنروں نے ہفتہ وار رپورٹ پیش کر دی جس میں کہا گیا ہے کہ اب تک 35 سکولوں کی انسپکشن کی گئی ، 21 میں ڈینگی لاروا ملنے پر سکولز انتظامیہ کو گرفتار کیا گیا۔
اسلام آباد سے مزید