کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے ترجمان نے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب چاپلوسی کے بجائے کراچی کی حالت زار پر رحم کھائیں۔ میئر کراچی کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے متحدہ ترجمان نے کہا کہ ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کے حلق میں ہاتھ ڈال کر شہری سندھ کے نوجوانوں کا حق چھینا ہے، اسی لئے اُن کی چیخیں نکل رہی ہیں، پیپلز پارٹی میں اپنی حیثیت پر احساس کمتری کے شکار مرتضیٰ وہاب نمبر بڑھانے کے چکر میں یہ بھول جاتے ہیں کہ وہ ایم کیو ایم کی خیرات پر بننے والے کراچی کے مئیر ہیں، پیپلز پارٹی کے ترجمان نہیں! ترجمان نے کہا کہ کوٹہ سسٹم نافذ کرکے شہری علاقوں کے باسیوں کا معاشی و تعلیمی استحصال کرنا اور سندھ میں لسانی تعصب کی بنیاد رکھنا بھی ذوالفقار علی بھٹو کا ہی کارنامہ ہے۔