• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 نیوی افسران کی سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کے حکم میں توسیع

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پانچ سابق نیوی افسران کی سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کے حکم میں آئندہ سماعت تک توسیع کر دی۔ دوران سماعت جسٹس بابر ستار نے کہا کہ یہ بتانا کہ سزائے موت کیوں دی گئی یہ کوئی سیکرٹ ایشو نہیں ہے۔ پیر کو ارسلان نذیر ستی ، محمد حماد ، محمد طاہر رشید ، حماد احمد خان اور عرفان اللہ کی درخواستوں کی سماعت کے دوران پاک بحریہ کے نمائندہ نے رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں بتایاگیا کورٹ مارشل کی کارروائی شیئر نہیں کی جا سکتی۔ جسٹس بابر ستار سے پاک بحریہ کے نمائندہ سے کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں میں فیصلہ کر دوں؟ دوران سماعت پاک بحریہ کے نمائندہ نے ہدایات لینے کیلئے عدالت سے مہلت طلب کی جس پر جسٹس بابر ستار نے کہاکہ آپ کوئی وجوہات نہیں بتا رہے کہ سزائے موت کیوں دی گئی؟ یہ بتانا کہ سزائے موت کیوں دی گئی یہ کوئی سیکرٹ ایشو نہیں ، میرے سامنے ایک ہی سوال ہے کہ سزائے موت کیوں دی گئی؟ وجوہات بتائی جائیں۔ عدالت نے پاک بحریہ کے نمائندہ کی ہدایات لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سابق نیوی افسران کی سزائے موت پر عملدرآمد رونے کے حکم میں آئندہ سماعت تک توسیع کر دی۔
اہم خبریں سے مزید