• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: عموماً 9 اور 10 محرم کو روزہ رکھتے ہیں تو 10 کی رات کو کھانے کا اہتمام کیا جائے تو اسلامی طور پر وہ 11 ہو جاتی ہےتو گھر والوں کے لیے اچھے کھانے کا اہتمام 9 محرم الحرام کی مغرب کے بعد کریں یا 10 کو رات کے کھانے میں اہتمام کریں؟ کیوں کہ دن کے روزہ کی وجہ سے ممکن نہیں۔

جواب: فقہ مالکی کے مشہور عالم محمد بن محمد طرابلسی جو کہ امام حطاب رحمہ اللہ کے نام سے معروف ہیں، عاشوراء کے دن اہل و عیال پر وسعت کرنے والی روایت کے بارے میں فرماتے ہیں: مرفوع روایت میں عاشوراء کے دن کا ذکر ہے کہ جو شخص دس محرم کے دن اپنی ذات اور اپنے گھر والوں پر وسعت کرے گا تو اللہ تعالیٰ پورے سال اس کے لیے کشادگی فرمائے گا، حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی موقوف روایت میں عاشوراء کی رات میں گھر والوں پر وسعت کرنے پر مذکورہ فضیلت ہی بیان کی گئی ہے، پھر عاشورا ءکی رات کی تعیین میں علماء سے دونوں باتیں منقول ہیں:

(1)دس محرم الحرام گزر جانے کے بعد 10 کی شام ۔ (2) دس محرم الحرام گزر جانے کے بعد 11 کی رات۔

اس تفصیل کی بنیاد پر اگر کوئی شخص 10 محرم الحرام کے دن، 10 کی شام اور 11 کی شام میں سے کسی وقت بھی گھر والوں پر وسعت کرے تو ان شاء اللہ اسے مذکورہ فضیلت حاصل ہوجائے گی، لہٰذا دسویں کی رات اچھا پکا لیا جائے یا 10 محرم کو دن کے وقت گھر کے ان افراد کے لیے اچھا پکایا جائے جن کا روزہ نہ ہو، اور جن کا روزہ ہو ان کے لیے شام افطار میں اچھا پکا لیا جائے۔