• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی اور برطانوی آرمی کے درمیان دوستانہ پولو ٹورنامنٹ کا انعقاد

لندن( جنگ نیوز) پاکستانی اور برطانوی آرمی کے درمیان دوستانہ پولو ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا ۔پاکستان اور برطانیہ کی افواج کے درمیان پولومیچز 30جون کو رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ اور 2جولائی کو گارڈز پولو کلب ونڈسر میں کھیلے گئے۔ پہلا میچ پاکستان آرمی نے 6 / 5 سے جیتا جب کہ دوسرا میچ UK آرمی نے 6 / 6سے جیتا تھا۔ دونوں میچز میں 500سے زائد مہمانوں بشمول پاکستان کے ممتاز برطانوی دوست، برطانیہ میں مقیم پاکستانی ملٹری افسران اور پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے افسران سمیت فیملیز نے شرکت کی۔دونوں میچز نے دونوں ملکوں کے درمیان خیر سگالی، تعاون اور دوستی کو فروغ دیا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ میں پاکستانی پرچم لہرانے کے ساتھ پاکستان کا ترانہ بھی بجایا گیا۔ کمانڈنٹ رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ نے بتایا کہ پاکستانی کیڈٹس نے گزشتہ 200 سال میں سینڈہرسٹ میں سب سے زیادہ 23 اوورسیز ایوارڈز جیتے ہیں ۔ انہوں نے پاکستانیوں کی پیشہ ورانہ اہلیت اور مستعدی کی تعریف کی۔ سینڈہرسٹ میں ہونے والی تقریب میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی شرکت کی۔ میچ کی کمنٹری عالمی شہرت یافتہ اسپورٹس کمنٹیٹر سائمن لیجر ، کرنل تیمور راحت، آرمی اور برطانیہ کے ائر ایڈوائزر نے کی۔ یہ بھی پہلی بار تھا کہ پاکستانی ٹیم نے ونڈسر کے مشہور گارڈز پولو کلب میں کھیلا جسے بین الاقوامی پولو کا سب سے ایلیٹ مقام سمجھا جاتا ہے۔ میچ کے اختتام کے بعد برٹش پاکستانیوں نے پاک فوج کی خدمات اور پیشہ ورانہ مہارت پر اسے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے دونوں میچز میں شاندار انتظامات اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنےکی بھی تعریف کی۔ برٹش پاکستانیوں کےنمائندوں نے یکجہتی اور تعاون کے اظہار کے طور پر چیئرمین گارڈز پولو کلب کو ایک آئل پینٹنگ پیش کی۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد ضیاء چیئرمین پاکستان پولو ایسوسی ایشن اور میجر جنرل ریٹائرڈ ڈیرل ایمیسن سی بی ای، چیف ایگزیکٹو آفیسر آرمی اسپورٹ آف یو کے آرمی بھی موجود تھے۔

یورپ سے سے مزید