• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تحریر: سید علی جیلانی… سوئٹزر لینڈ
ماہ محرم سن ہجری کا پہلا مہینہ ہے جس کی بنیاد حضور اکرمﷺ کے واقعہ ہجرت پر ہے لیکن اس سن کا آغاز حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے عہد حکومت سے ہوا ۔حضرت ابو موسی اشعری یمن کے گورنر تھے، ان کے پاس حضرت عمر ؓکے فرمان آتے تھے جس پرتاریخ نہیں ہوتی تھی، صحابہ کرامؓ کے سامنے مسئلہ رکھا گیا اور طے پایا کہ اپنے سن تاریخ کی بنیاد واقعہ ہجرت کوبنایا جاۂے اور اس کی ابتدا ماہ محرم سے کی جائے ۔ذوالحجہ کے آخر میں مدینہ منورہ کی طرف ہجرت کا منصوبہ طے کرلیا گیا تھا اس کے بعد جوچاند طلوع ہوا وہ محرم کا تھا لفظ محرم حرم سے ماخوزہے جس کے معنی عزت و احترام کے ہیں اہل عرب اس مہینے میں قتل و غارت سے رک جاتے تھے ،کتاب اللہ میں مہینوں کی تعداد 12ہے جن میں سے چار مہینے حرمت والے ہیں (التوبہ آیت36) ان چار حرمت والے مہینوں میں محرم ، رجب ، ذی القعدہ اور ذی الحجہ شامل ہیں۔ان مہینوں کو حرمت والا اس لیے کہتے ہیں کہ ان میں ہر ایسے کام سے جو فتنہ و فساد اور امن عامہ کی خرابی کا باعث ہو کو منع فرمادیا ہے ۔ مسلمان محرم کا چاند دیکھ کر اپنے اسلامی سال کا آغاز کرتے ہیں، ماہ محرم میں مسنون عمل بالخصوص روزے ہیں ۔نبی کریمﷺ کا معمول تھا کہ آپ ﷺ ماہ محرم میں بکثرت روزے رکھتے تھے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو بھی اس مہینے میں روزے رکھنے کی ترغیب دلاتے اس مہینہ کے شرف فضیلت عظمت و اہمیت کا تقاضا ھے کہ ہم اس مہینہ میں ذیادہ سے ذیادہ عبادات میں مشغول ہو کر رحمتوں برکتوں کو سمیٹیں اس مہینے میں گانے بجانے رقص و سرود کی محفلوں سے اجتناب کرنا چاہئے۔ حکومت کے ساتھ ساتھ مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور عوام پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ شرپسند عناصر کے شر سے محفوظ رہتے ہوئے ان کی جانب سے پھیلائے جانے والے پروپیگنڈوں اور افواہوں پر کان نہ دھریں امن وامان کی بحالی اور بھائی چارگی کی فضا قائم کرنے کیلئے بلند کردار ادا کرکے محب وطن ہونے کا ثبوت دیں لیکن افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ماہ محرم آتے ہی وطن عزیز میں فرقہ پرستی کو ہوا دی جاتی ہے اس لئے حکومت ملک بھر میں قیام امن و ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے دیر پا اقدامات کی طرف توجہ دے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس نئے اسلامی سال کو امت مسلمہ کے لئے فلاح و کامیابی راحت اور خوشیوں کا با عث بنائے ہم سب کو مل کر یہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ ہمیں اللہ ا ور اس کے رسولﷺ تمام صحابہؓ، خلفائے راشدینؓ اور اہل بیتؓ سے سچی محبت ہے اور اللہ پاک ہم سب کو اپنی دین پر چلنے اور اس دین کو لانے والوں کی سنت نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔
یورپ سے سے مزید