مانچسٹر (ہارون مرزا) سر کیئر اسٹارمر کا بطور وزیراعظم منتخب ہونا وکلاء کیلئے باعث افتخار ہے۔ ان خیالات کا اظہاربیرسٹر امجد ملک نے پریس کانفرنس میں کیا۔ بیرسٹر امجد ملک نے سر کیئر اسٹارمر کو تاریخی کامیابی پر اے پی ایل تنظیم کی طرف سے مبارکباد بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ساری زندگی انسانی حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والے بیرسٹر سر کیئر اسٹارمر انسانیت کے خلاف کبھی بھی کوئی اقدام نہیں اٹھائیں گے ،یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اقتدار کے 24گھنٹوں کے اندر لاکھوں غیر قانونی مہاجرین کو روانڈا بھیجنے کے عمل کو فوری طور پر روک دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ان کا دور حکومت برطانیہ کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، وہ برطانیہ کی معیشت کو سنبھالنے کے علاوہ غیر قانونی افراد کیلئے ایمنسٹی بھی متعارف کرا سکتے ہیں، انہوں نے ایک وکیل کی حیثیت سے ہمیشہ نسانی حقوق کے لیے کام کیا ہے۔