• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلا امتیاز اور بلا تفریق رنگ و نسل مساویانہ معاشرتی رویہ ہی پائیدار امن کا ضامن ہے، وزیراعظم

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر پُرامن بقائے باہمی، عالمی استحکام وسلامتی ترقی و خوشحالی کےمساوی مواقعوں کی فراہمی اور عدل و انصاف جیسی تعمیری روایات سے اپنی وابستگی کا تجدید عزم کرتا ہے، بلا امتیاز اور بلا تفریق رنگ و نسل مساویانہ معاشرتی رویہ ہی پائیدار امن کا ضامن ہے،شہری نفرت، عدم برداشت اور امتیازی سلوک جیسی منفی اقدار کے سد باب میں اپنا کردار ادا کریں ۔عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی امن کے فروغ میں پاکستان کا حالیہ تعمیری کردار قوم کیلئے باعث اعزاز ہے۔ پاکستان نے پُرخلوص انداز میں تنازعات کے خاتمے، کشیدگی میں کمی اور عالمی امن کے فروغ کیلئے کاوشیں کی ہیں، اقوام متحدہ کے زیر نگرانی امن مشنز میں پاکستان نے ہمیشہ ہراول دستہ کے طور پر خدمات سر انجام دیں ہیں جو ہمارا قومی فخر ہیں، انہوں نے کہا کہ اس سال یہ عالمی دن ’’امن میں سرمایہ کاری ،سب کے لیے، ہر جگہ، ہر روز‘‘ کی زیر عنوان منایا جا رہا ہے ، یہ موضوع اجاگر کرتا ہے کہ امن محض جنگی تنازعات کی عدم موجودگی کا نام نہیں بلکہ اس کے حقیقی ثمرات کا اظہار عالمی اور قومی سطح پر انسانوں کی معاشی و معاشرتی آسودگی، بنیادی حقوق کے تحفظ، عزت واحترام، یکساں مواقعوں اور شمولیت سے ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات اور آئین پاکستان انسانی وقار اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت کے ساتھ معاشرتی امن کی مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے،حکومت کی پالیسیز اس امر کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں کہ تمام شہریوں، بالخصوص خواتین، بچوں، اقلیتوں، خصوصی افراد اور دیگر کمزور و محروم طبقات کے مساوی حقوق و فرائض کو مؤثر تحفظ فراہم کیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید