کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہر نیا اسکول پہلے دن سے بچوں سے بھرپور ہونا چاہئے، صرف عمارتیں تعمیر کرنا مقصد نہیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایس ایس ای آئی پی کے تحت نئے تعمیر شدہ اور بحال کئے گئے اسکولوں کے لئے داخلہ مہم شروع کی جائے۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں ای ایم اوز سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت نے سندھ بھر میں تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے کے لئے غیر معمولی سرمایہ کاری کی ہے، تاہم ان منصوبوں کی کامیابی کا اصل پیمانہ یہ ہوگا کہ کتنے بچوں کو اسکولوں میں داخل کرایا جاتا ہے اور انہیں تعلیمی نظام میں برقرار رکھا جاتا ہے۔اجلاس میں وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نجم شاہ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی، ڈائریکٹر جنرل پی پی پی یونٹ اسد ضامن، پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس ای آئی پی رضوان سومرو اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری ایس ایس ای آئی پی کے تحت سندھ بھر میں مجموعی طور پر 838 اسکول تعمیر، اپ گریڈ یا بحال کئے جا رہے ہیں۔