• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاپتا افراد کی رہائی کیلئے بھاری رقومات کی طلبی، عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو طلب کرلیا

پشاور(این این آئی) چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے لاپتا افراد کے کیس میں اضافہ ہونے اور پولیس اور سی ٹی ڈی حکام کی جانب لوگوں کی رہائی کے عوض بھاری رقومات طلب کرنے پر وزیراعلی کو 22 جولائی کو طلب کرلیا۔ پشاور ہائی کورٹ نے لاپتا افراد کے کیسز کی سماعت کی۔ سماعت چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل سنگل بنچ نے کی۔چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا منتخب وزیراعلی ہیں، وہ خود عدالت میں آ کر اس حوالے سے پیش ہوں، گلبرگ سے صوابی کے رہائشی کو اغوا کیا گیا اور اب پولیس 70 لاکھ روپے طلب کررہی ہے، خیبر پختونخوا میں روز بروز لاپتا افراد کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ لاپتا افراد کے رشتہ داروں کی جانب سے پولیس اور سی ٹی ڈی حکام کے اس عمل میں ملوث ہونے کی شکایات آ رہی ہیں، حکم نامہ کے مطابق اس ضمن میں پولیس اور سی ٹی ڈی پر یہ بھی الزام ہے کہ وہ ان لاپتا افراد کی رہائی کے بدلے بھاری رقوم طلب کررہے ہیں جو کہ ایک سنگین مسئلہ ہے۔جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ عدالت کے پاس اس کے سوا دوسرا کوئی چارہ نہیں کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا کو عدالت طلب کیا جائے۔ بعدازاں عدالت نے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو 22 جولائی کو طلب کرلیا۔
ملک بھر سے سے مزید