• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثنا خان کا ننھے بیٹے کے ساتھ حج کا سفر کیسا رہا؟


اسلام کی خاطر بالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثناء خان نے کم عمر بھارتی حاجی یعنی اپنے بیٹے کے ساتھ پہلے حج کا تجربہ مداحوں کے ساتھ شیئر کردیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سابقہ اداکارہ نے مختصر ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے۔

ویڈیو کلپ میں حج کے موقع پر ثنا خان اور ان کے شوہر کو مقدس مقامات کی زیارتوں، طواف اور عبادات میں مصروف جبکہ اس کے دوران ان کے ننھے شہزادے کو خوش و خرم انداز میں دیکھا جاسکتا ہے۔

انہوں نے انسٹا پوسٹ کے کیپشن میں بیٹے کے ہمراہ حج کی سعادت حاصل کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے سورۃ ابراہیم کی آیت نمبر 40 اور 41 کا ترجمہ شیئر کرتے ہوئے دعا کی کہ مجھے بھی نماز قائم کرنے والا بنا دیجئے اور میری اولاد میں سے بھی ایسے لوگ پیدا فرمائے جو نماز قائم کریں۔ اے ہمارے پروردگار میری دعا قبول فرما لیجئے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ہمارے پروردگار اس دن میری بھی مغفرت فرمائے، میرے والدین کی بھی اور ان سب کی بھی جو ایمان رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل انہوں نے ایک اور پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کا ننھا بیٹا طارق جمیل رواں سال بھارت سے حج کرنے والا سب سے کم عمر حاجی ہے۔

واضح رہے کہ ثناء خان نے نومبر 2020 میں بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس سے شادی کی تھی۔

گزشتہ برس ثناء خان اور ان کے شوہر مفتی انس کے یہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔ انہوں نے مولانا طارق جمیل سے متاثر ہو کر اپنے بیٹے کا نام بھی ’سید طارق جمیل‘ رکھا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید