• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد امیدوار سے ہارنے والے لیبر ایم پی کو نئی ذمہ داری تفویض

لندن (پی اے) غزہ کے مسئلے پر لیبر پارٹی کے موقف کے سبب لیسسٹر سائوتھ سے آزاد امیدوار شوکت آدم کے ہاتھوں شکست کھانے والے لیبر پارٹی کے سابق رکن پارلیمنٹ جوناتھن ایشورتھ کو لیبر پارٹی نے اپنے تھنک ٹینک کا چیف ایگزیکٹو مقرر کردیا۔ جوناتھن ایشورتھ کو لیبر پارٹی میں اہم مقام حاصل ہے اور کامیابی کی صورت میں انھیں کابینہ میں اہم ذمہ داریاں ملنے کی توقع کی جارہی تھی۔ ان کی تقرری پر لیبر پارٹی کے رہنمائوں نے ایکس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا پرجوش خیرمقدم کیا ہے۔ جوناتھن ایشورتھ گزشتہ 2 عشروں سے لیبر پارٹی کے اعلیٰ سطح کے رہنمائوں میں شمار کئے جاتے ہیں اور انھیں لوگوں سے تعلقات اور سیاست کا وسیع تجربہ ہے۔ ایشورتھ پارٹی کے شیڈو پے ماسٹر جنرل تھے اور انھوں نے پارٹی کیلئے میڈیا میں انتخابی مہم میں نمایاں کردار ادا کیا، وہ 2011 سے مسلسل لیسسٹر سائوتھ سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوتے رہے تھے۔ ایکس پر اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ مجھے جو اعزاز دیاگیا ہے، اس پر میں بہت خوش ہوں اور پارٹی کی شاندار ٹیم کا حصہ بن کر مجھے خوشی محسوس ہورہی ہے۔

یورپ سے سے مزید