بریڈفورڈ (عبیدمغل) فلسطین کے سفیر حسین زعملات نے بریڈفورڈ میں نو منتخب پاکستان نژاد رکن برطانوی پارلیمنٹ عمران حسین سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں بھاری اکثریت سے برطانوی پارلیمنٹ کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ فلسطین کے سفیر کا کہنا تھا کہ میں فلسطین کی قیادت اور عوام کی جانب سے سب سے پہلے آپ کومبارکباد پیش کرنے آیا ہوں آپ کیلئے محبتوں کا پیغام لایا ہوں، آپ ہمارے لئے اور برطانیہ کی کمیونٹی کیلئےفخر کا باعث ہیں۔ حسین زعملات نے کہا کہ آپ نےپارلیمنٹ کے اندر اور باہر جو آواز فلسطین کیلئے بلند کی ہے اس پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ فلسطین کی قیادت اور عوام ظلم کے خلاف آپ کی جدوجہد کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری نسل کشی کو نسل کشی کہنا آپکی حق پرستی کی دلیل ہے۔ آپ نے دی ہیگ کی عدالت میں اس بات کو یقینی بنایا کہ نسل کشی کرنے والےاور جنگی مجرموں کو سزا دی جائے۔ فلسطین کےعوام کو آپ نے احساس دلایا ہے کہ اس مشکل وقت میں وہ تنہا نہیں ہیں۔ قبل ازیں عمران حسین نے اپنےدفتر میں فلسطین کے سفیر کو خوش آمدید کہتےہوئے کہا کہ میں اور میرے حلقے کی عوام فلسطین اورغزہ میں ہونے والے مظالم پر شدید رنجیدہ ہیں، میں نے اپنے عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے پارلیمنٹ سے لےکر دی ہیگ کی عالمی عدالت تک فلسطین میں جاری نسل کشی کے خلاف آواز بلند کی ہے اور جب تک فلسطین کے عوام کو آزادی اور حقوق نہیں مل جاتےمیں اور میرے حلقے کے عوام ہر فورم پر آپ کیلئےحصول انصاف کی جدوجہد کرتے رہیں گے۔فلسطینی سفیر کی آمد کے موقع پر عمران حسین ایم پی، سابق کونسلر چوہدری الطاف حسین اور بریڈفورڈ ایسٹ کے درجنوں افراد موجود تھے جنہوں نےفلسطین کے سفیر کا والہانہ استقبال کیا۔