• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرسکون نیند چاہئے تو ماہانہ بچت کی عادت اپنائیں، طبی تحقیق میں انکشاف

لندن (سعید نیازی) پرسکون نیند درکار ہے تو باقاعدگی سے رقم پس انداز کریں کیونکہ ایک نئی طبی تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ ماہانہ بنیاد پر کچھ رقم بچا کر رکھنے والے افراد کو پرسکون رہنے اور مستقبل کے بارے میں پرامید رہنے میں مدد ملتی ہے خواہ بچا کر رکھی جانے والی رقم کم ہی کیوں نہ ہو۔ برسٹل یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق کم آمدن کے باوجود باقاعدگی سے بچت کرنے والوں میں اطمینان کی شرح وہ ہی ہوتی ہے جو کہ بچت نہ کرنے والے امیر افراد کی ہے۔ جبکہ سروے کے مطابق برطانیہ میں ایک چوتھائی بالغ افراد کے پاس بچت ایک سو پائونڈ سے بھی کم ہے۔ حالیہ برسوں میں خوراک اور بلز کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب بچت کرنا مشکل رہا ہے جبکہ بینک اور بلڈنگ سوسائٹیز کی جانب سے شرح سود میں بہتری آئی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ہر دس میں سے چھ افراد کو بچت کی عادت ہے۔ ریسرچ کے مطابق معمولی بچت کے باوجود لوگ رقم کے حوالے سے کم فکر مند ہوتے ہیں، ان پر قرضہ چڑھنے کا امکان بھی کم ہوتا ہے اور وہ کسی بھی غیر متوقع واقعہ سے نمٹنے کیلئے بہتر طور پر تیار ہوتے ہیں۔ ریسرچ کے مطابق اطمینان بخش زندگی کیلئے دیگر عوام بھی اہم ثابت ہوتے ہیں جیسا کہ گھر منتقل کرنے یا شادی کرنے سے ذہنی صحت بہتر ہوتی ہے وہیں نوکری کھونے یا بچہ پیدا کرنے کے ذہنی صحت پر نقصان دہ اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں بلڈنگ سوسائٹیز ایسوسی ایشن کے ہیڈ آف سیونگز اینڈریو گال نے کہا ہے کہ اس رپورٹ کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ معمولی بچت کی بھی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے یہ سفارش بھی کی گئی ہے کہ اکائونٹس کو سادہ بنایا جائے تاکہ صارفین انہیں آسانی سے استعمال کرکے مراعات سے مستفید ہو سکیں۔
یورپ سے سے مزید