غزہ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو غزہ سٹی دوبارہ خالی کرنے کی دھمکی دے دی ہے، یہ دھمکی ایسے وقت پر دی گئی ہے جب صیہونی فورسز کے طیاروں نے غزہ سٹی میں اقوام متحدہ کی فلسطینی ایجنسی اونرا کے مرکز پر دوبارہ بم برسادیئے ہیں، اسرائیلی فورسز کے حملوں میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے ہیں،جرمنی کے بعد فرانس نے بھی بے گھر فلسطینیوں کیلئے قائم پناہ گزین کیمپوں پر اسرائیلی بمباری کو ناقابل قبول قرار دے دیا ہے،حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کا کہنا ہے کہ اگر حماس نے جنگ بندی معاہدہ کیا تو لبنان سے بھی اسرائیل پر حملے بند کردیئے جائیں گے، ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو غزہ میں کوئی فتح حاصل نہیں ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے ہینڈبلز کے ذریعے سے شہریوں کو انخلا کی دھمکی دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ غزہ سٹی میں رہائش پذیر تمام فلسطینی مختص کئے گئے راستوں کے ذریعے نکل جائیں، یہ بھی دھمکی دی گئی ہے کہ شہری آبادی کا یہ علاقہ بدستور خطرناک جنگی زون رہے گا۔ اسرائیلی فوجیوں نے غزہ سٹی میں قبرستان کو بھی ملیا میٹ کردیا ہے، غزہ سٹی کے علاقے شجاعیہ میں میتیں نکال کر سڑکوں پر پھینک دی گئیں، قطری نشریاتی ادارے نے شجاعیہ کے علاقے کی گلیوں کی ویڈٰیو بھی حاصل کرلی جہاں ہر طرف میتیں پھیلی ہوئی ہیں۔ علاقے میں اسرائیلی فورسز اور مجاہدین کے درمیان لڑائی کئی روز سے بدستور جاری ہے، علاقہ مکینوں کے مطابق صیہونی فورسز کے بلڈوزر مکانوں کو گرارہے ہیں اور انہوں نے قبرستان کو بھی تہس نہس کردیا۔ قبرستان سے میتیں نکالنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے پہلے بھی اسرائیلی فوجی متعدد بار قبرستانوں کی بے حرمتی کرچکے ہیں۔