راولپنڈی ( مانیٹر نگ ڈیسک ) 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے بیان عدالت میں ریکارڈ کرا دیا،پرویز خٹک نے کہاکہ کابینہ میں رقم کے حوالے سے کاغذات بند لفافے میں پیش کیے گئے ، معاملہ کابینہ ایجنڈے پر نہ تھا، اضافی ایجنڈے پر مجھ سمیت دیگر کابینہ اراکین نے اعتراض کیا تھا۔190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے کی، اس موقع پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ پرویز خٹک نے اپنے بیان میں کہا کہ نیب نے مئی 2023 میں مجھ سے 190ملین پاؤنڈ کے حوالے سے بیان لیا، شہزاد اکبر نے کابینہ کو بتایا تھا کہ پاکستانی سے غیر قانونی طور پر باہر بھجوائی گئی بڑی رقم برطانیہ میں پکڑی گئی جوپاکستان کو واپس کی جائیگی، یہ معاملہ کابینہ کے ایجنڈے پر نہیں تھا، میٹنگ میں اضافی ایجنڈے کے طور پر سامنے لایا گیا، اضافی ایجنڈے پر مجھ سمیت دیگر کابینہ اراکین نے اعتراض کیا تھا، کابینہ میں رقم کے حوالے سے کاغذات بند لفافے میں پیش کیے گئے، اضافی ایجنڈے کی منظوری کابینہ سے لی گئی۔ سماعت میں ایک گواہ پر جرح مکمل اور ایک گواہ کا بیان قلمبند ہوا، عدالت نے ریفرنس کی سماعت 13 جولائی تک ملتوی کر دی۔ سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک پرویز خٹک کے بیان کے دوران عمران خان روسٹم پر آگئے، پرویز خٹک کے بیان کے دوران عمران خان مسکراتے رہے۔پرویز خٹک کے بیان کے دوران سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اب تو نواز شریف کے فلیٹ بھی پاکستان واپس آنے چاہئیں۔