اسلام آباد( رانا غلام قادر)ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی چیئرمین ،اسلامی نظر یاتی کونسل نے عمران خان کا نام لئے بغیر سوشل میڈیا پر چلنے والی بحث کا نو ٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ نکاح، طلاق اور عدت کے مسائل قرآن و سنت سے ماخوذ شرعی حدود و قیود ہیں ۔ان امورکے بارے میں بے جا گفتگو اور تضحیک کسی صورت میں مناسب نہیں ۔سوشل میڈ یا کا منفی استعمال غیر اخلاقی، غیر شرعی اور قانونی جرم ہے ۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نےکہا ہے کہ قرآن و سنت نے نکاح طلاق اور عدت کے مسائل اور احکامات کو نہایت موثر انداز میں بیان کیا ہے ۔ شریعت نے ان کی حدود و قیود کو واضح کر دیا ہے ۔ سوشل میڈیا پر اس وقت جس طرح ان مسائل پر رائے زنی کی جارہی ہے نہایت غیرمناسب اور غیر اخلاقی ہے ۔ اگر کسی مرد و عورت کو نکاح طلاق اور عدت کے حوالہ سے مسئلہ ہو تو اسے علما ء اور طبی ماہرین کی آراء کی روشنی میں دیکھا جا سکتا ہے ۔