پشاور(جنگ نیوز)شہری آبادی کے ساتھ ساتھ دیہی علاقے کے لوگوں کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیع ہے اور اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد خالد اقبال نے تحصیل لورہ میں منعقدہ کھلی کچہری میں کیا۔ اس موقع پرممبر قومی اسمبلی علی اصغر خان اور ممبر صوبائی اسمبلی رجب عباسی نے بھی کھلی کچہری میں خصوصی شرکت کی اور لوگوں کے مسائل سنتے ہوئے مسائل کے حل کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ کھلی کچہری میں بڑی تعداد میں اہلیان علاقہ نے شرکت کی اور اپنے مسائل کی نشاندہی کروائی۔ کھلی کچہری میں ضلعی محکمہ جات کے افسران بھی موجود رہے اور لوگوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے موقع پر سوالات کے جوابات دیے۔