لندن ( شہزاد علی) وزیر اعظم برطانیہ سر کیر سٹارمر نے بدھ کی شام وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کی ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایک ایسے وقت میں جب ہم دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے چیلنجوں کا سامنا کر رہے ہیں، جب ہم متحد ہو کر کام کرتے ہیں تو ہم سب سے مضبوط ہوتے ہیں۔ وزیراعظم نے صدر بائیڈن کو نیٹو سربراہی اجلاس کی اب تک کی بہترین میزبانی پر مبارکباد دی۔ جو بائیڈن نے کیئر اسٹارمر کے ساتھ پہلی سرکاری ملاقات میں برطانیہ اور یورپ کے قریبی تعلقات کی حمایت کی۔دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ نیٹو اپنے 75 ویں سال میں پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد ہے۔ انہوں نے نیٹو اتحاد کی اہمیت اور موجودہ جغرافیائی سیاسی چیلنجوں بشمول یوکرین میں جاری جنگ کے تناظر میں خصوصی تعلقات کی عکاسی کی۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ہمیں یوکرین کی حمایت اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ پوٹن جیسے جارحین سے نمٹنے کیلئے جو کچھ بھی کرنا پڑے وہ کرتے رہنا چاہیے۔ اسرائیل اور غزہ کی صورت حال پر بات چیت کے لیے آگے بڑھتے ہوئے، انہوں نے یرغمالیوں کو نکالنے، انسانی امداد پہنچانے اور دو ریاستی حل کی جانب پیش رفت کے لیے فوری جنگ بندی کے لیے اپنے مشترکہ عزائم پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر نے برطانیہ کے یورپی ہم منصبوں کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کرنے کے بارے میں وزیر اعظم کے حالیہ تبصروں کے ساتھ ساتھ AUKUS کے لیے برطانیہ کے عزم کا خیرمقدم کیا۔