لندن (نمائندہ جنگ) برسٹل میں سوٹ کیس سے انسانی باقیات ملنے کے بعد پولیس نے قتل کے شبہ میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ ایون اینڈ سمرسٹ پولیس کے مطابق 34سالہ شخص کی گرفتاری ہفتہ کی صبح ٹیمپل میڈز اسٹیشن سے عمل میں آئی۔ انسانی باقیات برسٹل میں دوسوٹ کیسوں کے علاوہ مغربی لندن کے علاقے شیپرڈبش کے ایک فلیٹ سے بھی ملی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انسانی باقیات دو افراد کی ہیں، جنہیں شناخت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ میٹ پولیس کے ڈپٹی اسٹنٹ کمشنر اینڈی ویلنٹائن نے کہا ہے کہ ہفتہ کی صبح ہونے والی گرفتاری اہم پیش رفت ہے۔ اور وہ برسٹل اور لندن کی کمیونٹیز کی اس حوالے سے تشویش سے آگاہ ہیں۔ پولیس نے جنوب مشرقی لندن کے علاقے گرینیج سے بھی ایک 36سالہ شخص کو گرفتار کیا تھا جسے بعد میں بغیر کوئی الزام عائد کئے رہا کر دیا گیا تھا۔