کراچی (این این آئی) شہر قائد میں موسمیاتی تبدیلیوں اور فضائی آلودگی کی وجہ سے سینے میں انفیکشن کے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی۔چیسٹ فزیشن ڈاکٹر شکیل نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی اور فضائی آلودگی کے سبب کراچی میں معمول کی نسبت سینے کے انفیکشن کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سینے کا انفیکشن بچوں، بزرگوں اور کم قوت مدافعت والے افراد کو زیادہ متاثر کررہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ چیسٹ انفیکشن کی علامات میں کھانسی، بخار، گلا خراب ہونا، زکام اور سانس لینے میں تکلیف شامل ہیں، تاہم بیشتر کیسز میں متاثرہ فرد 3 سے 4 دن میں صحت یاب ہوجاتا ہے۔ ڈاکٹر شکیل نے بتایا کہ بڑھتا ہوا سینے کا انفیکشن سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو بھی متاثر کررہا ہے۔ سینے کا انفیکشن متاثرہ فرد یا بچے سے دیگر افراد اور بچوں میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کا دورانیہ 3 سے 4 دن پر مشتمل ہوتا ہے۔