مورو (نامہ نگار) فوجی فرٹیلائزر کمپنی کی طرف سے مورو کے ایک نجی ہوٹل میں سونا بوران ڈی اے پی کی افادیت پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں فوجی فرٹیلائزرز کی طرف سے مینیجر فارم ایڈوائزری سینٹر حیدرآباد عبد الحمید لودھی، سیلز آفیسر نوشہرو فیروز راؤ حسن علی خان اور ایگری سروسز آفیسر نوابشاھ علی رضا نے شرکت کی۔ پروگرام میں ایڈیشنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت نوشہرو فیروز فاروق احمد وسطرو اور چیمبر آف کامرس میں زراعت کے صدر اشفاق احمد تگر نے بطور مہمان خصوصی شرکت فرمائی۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مہمانان خصوصی نے سونا بوران ڈی اے پی کی لاؤنچ کو آبادگاروں کے لیے خوش آئند قرار دیا اور مستقبل میں بھی ایسی ہی کھادوں کو مارکیٹ کا حصہ بنانے پر زور دیا۔ سامعین سے خطاب کرتے ہوئے عبد الحمید لودھی نے زراعت کو ملک کی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور فوجی فرٹیلائزرز کی زرعی خدمات سے سامعین کو آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی اے پی کے ساتھ اجزائے صغیرہ کا استعمال پیداوار میں اضافے کا باعث ہو گا۔ اس موقع پر ایگری سروسز آفیسر علی رضا نے بتایا کہ بوران کے استعمال سے 10 سے 23 فیصد تک پیداوار میں اضافہ ممکن ہے۔ اسی لیے آبادگاروں کی بھرپور فرمائش پر ڈی اے پی میں بوران کی ویلیو ایڈیشن کر کے سونا بوران ڈی اے پی تیار کی گئی ہے۔ جس میں ڈی اے پی کے بنیادی اجزاء نائٹروجن اور فاسفورس کو بھی برقرار رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بوران کی ڈی اے پی کے ہر دانے میں موجودگی سے کھیت میں بوران کی تقسیم یکساں طور پر ہو گی اور بہتر پیداوار حاصل ہو گی اور سونا ڈی اے پی میں بوران کی بہتر حل پذیریت کے بدولت اسے کاشت کے بعد بذریعہ آبپاشی استعمال کر کہ بہترین نتائج لیے جا سکتے ہیں۔ اس موقع پر ہیڈ آف سیلز ڈسٹرکٹ نوشہرو فیروز راؤ حسن علی خان نے بتایا کہ ایف ایف سی کاشتکاروں کی معاشی خوشحالی کے لیے معیاری کھادیں اور زرعی خدمات فراہم کرتی ہے ہے اور زراعت کی بہتری اور غذائی تحفظ کے لیے جدت کا یہ سفر جاری رہے گا۔