کراچی(جنگ نیوز ) کراچی کے نجی ہوٹل میں تحقیقی ادارے انڈویجویل لینڈ کے زیر اہتمام بلوچستان اور سندھ کی خواتین صحافیوں کی جانب سے ڈیجیٹل میڈیا بزنس کے عنوان پر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں امریکی قونصل خانے کےچیف ڈپلومیسی آفیسر مائیکل چیڈوک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں مائیکل نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے معاشرے میں خواتین کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ خواتین کو غیر مساوی تنخواہ، ملازمت میں عدم تحفظ، اور آن لائن اور آف لائن ہراسانی جیسے چیلنجز درپیش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خواتین ان سب مسائل کے باوجود با اختیار اور ثابت قدم ہیں۔ مائیکل چیڈوک نے کہا کہ ہم خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود ہیں ،جو ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے اپنا کاروبار چلاتی ہیں، خواتین کی جانب سے شاندار آئیڈیاز پیش کیے گئے ہیں ،ان کی صلاحیتوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی خواتین کو بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔