کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری محکمہ ترقی نسواں سردار احمد بگٹی نے کہا ہے کہ بزنس وومن کے کاروبار کو ترقی دینے کے لیے 5 کروڑ 67 لاکھ روپے کی سیڈ منی سے وومن ایمپاورمنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے جس کے منافع سے 12 ٹریڈ میں کاروبار کرنے والی خواتین فی کس 5 لاکھ کا بلاسود قرضہ دیا جائے گا ،بلوچستان کے 7 ڈویژنل ہیڈکواٹرز میں وومن اکنامکس بازاروں کا قیام آخری مراحل میں ہے ۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کی جانب سے یو این وومن کے تعاون سے خواتین میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے حوالے سے کوئٹہ کے مقامی شاپنگ مال میں تقریب سے خطاب میں کہی ، تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری بہبود آبادی ہادیہ نواز ، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر طاہر رشید ، جنرل منیجر پروگرام نعمت اللہ جان مریانی ، ایس پی سٹی پری گل ترین ، امبرین گل ، یو این وومن کے داود ننگیال ، نعمت اللہ ، صائمہ جاوید ، خواتین چیمبر آف کامرس کی مہوش و دیگر نے شرکت کی ۔ قبل ازیں بی آر ایس پی کے ڈاکٹر طاہر رشید اور نعمت اللہ نے مہمانوں کو پروگرام کے اغراض و مقاصد کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ،تقریب میں صوبے کے 11 اضلاع کی خواتین نے شرکت کی اور مختلف اشیاء کے 15 سٹال لگائے جن میں خواتین کے ہاتھ سے بنائی گئی کشیدہ کاری سے مزین ملبوسات ، زیورات اور دیگر اشیاء شامل تھیں جبکہ بی آر ایس پی اور یو این وومن کے مختلف پراجیکٹس میں تربیت یافتہ خواتین کی تیار کردہ فریم ، ڈائری ، پرس اور ملبوسات وغیرہ کے اسٹال بھی لگائے گئے تھے ۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں میں شیلڈز تقسیم اور ہنر مند خواتین میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔