اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) بنوں تحفظ موومنٹ نے بنوں واقعہ پرغیر جانبدار جوڈیشل کمیشن بنانے ،واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے اور نان اسٹیٹ ایکٹرز کی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر دیا ۔ بنوں تحفظ موومنٹ کے چیئرمین دلنواز خان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے اور نیشنل پریس کلب میں دیگر عہدیداروں ، یوتھ راہنماؤں اور سوسائٹی ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ واقعہ میں شہید اورزخمی ہونے والوں کو بھی فورسز شہداء کے برابر پیکیج دیا جائے۔بنوں میں موبائل اور نیٹ سروسز کو بحال کیا جائے،بنوں کے عوام آئی ڈی پیز نہیں بننا چاہتے، حکومت شمالی وزیرستان اور وانا کے آئی ڈی پیز کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کرے۔صوبائی حکومت بنوں میں امن قائم کرے۔جرمنی میں پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہیں ۔امن کی بحالی کیلئےبنوں میں پر امن احتجاج میں لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی ۔ مگر اچانک فائرنگ شروع ہوگئی جس میں بے گناہ شہری شہید اور 27 شہری زخمی ہوئے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔