• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آٹے کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے‘ محکمہ خوراک

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا ہے حال ہی میں آٹے کے نرخوں میں جو کمی کی گئی ہے اس نرخوں کے مطابق پشاور میں آٹے کی خرید و فروخت جاری ہے۔ محکمہ خوراک کے مطابق سپیشل 20 کلو گرام پنجاب کا آٹا 1850 روپے‘ سپر فائن بیس کلو گرام 1950 سے 2 ہزار روپے‘ فائن 20 کلو گرام 2 ہزار 50 سے 21 سو روپے اور اسی طرح نانبائیوں کا 80 کلو گرام آٹے کا تھیلہ 8 ہزار 2 سو سے 8 ہزار 4 سو روپے فروخت ہو رہا ہے۔ راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پشاور میں چند عناصر روٹی کا و زن کم رکھتے ہیں جبکہ روٹی کو مہنگے داموں فروخت کرنا چاہتے ہیں جس کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جنہوں نے مختلف فورمز پر آٹے کو مہنگا کرنے سے متعلق پروپیگنڈہ شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک آٹے کی خرید و فروخت اور نرخوں کو کنٹرول کرنے سمیت چیک اینڈ بیلنس کا نظام فعال رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے حکام انکی نگرانی میں روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہے ہیں شہر میں جہاں کہیں بھی مہنگے داموں آٹے کی خرید و فروخت میں جو بھی ملوث پایا گیا ان کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ اسی طرح آٹا ڈیلرز نے بھی پشاور میں چند بلیک میلرز کی جانب سے پروپیگنڈے کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ پشاور میں محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریٹس کو اعتدال پر لایا گیا ہے جس پر محکمہ خوراک کے حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام چند بلیک میلرز کے ہتھکنڈوں پر کان نہ دھریں۔
پشاور سے مزید