• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائی کمشنر پاکستان، برطانوی وزرا، ایم پیز اور میئر لندن سے جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداروں کی ملاقاتیں

لندن (نمائندہ جنگ) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداروں نے برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل، برطانوی وزراء اور ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے رہنما ؤں نے نومنتخب ڈپٹی سپیکر جوڈتھ کمنز، وزراء جم میکمان، اینڈریو گوئن، الیکس ڈورس اور دیگر ممبران برطانوی پارلیمنٹ کو منتخب ہونے اور انہیں وزارتوں کا قلمدان سنبھالنے پر بھی مبارک باد دی۔ پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کے ساتھ خصوصی ملاقات میں تحریکی عہدیداروں راجہ نجابت حسین ستارۂ پاکستان، ذیشان عارف اور تیمور شفیق نے ہائی کمشنر کو مانچسٹر، لیور پول اور لندن کے پروگرامز میں شرکت کی دعوت دی اور انہیں برطانوی پارلیمنٹ کے عام انتخابات کے دوران کشمیر کی مہم کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کے ہر شہر میں، ہر اس حلقے میں جہاں پاکستانی اور کشمیری عوام آباد ہیں ہم نے ان علاقوں میں کشمیری عوام کا کیس پیش کیا، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں عوام کو آگاہ اور برطانوی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو اپنا ہمنوا بنانے کے لئے کمیونٹی کو موبلائز کیا تاکہ جب امیدواران انتخابات جیت جائیں تو وہ سب برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر حل کروانے کے لئے اپنی اپنی آوازیں بلند کر سکیں۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین ستارۂ پاکستان اور انٹرنیشنل لابی آن کشمیر کی چیئر پرسن کونسلر یاسمین ڈار نے مشترکہ طور پر پاکستانی ہائی کمشنر کو تحریری خط بھی پیش کیا جس میں تحریک کی ماضی قریب کی سرگرمیوں کا ذکر بھی کیا گیا اور مستقبل میں برطانیہ بھر میں ہونے والی سرگرمیوں اور دیگر ممالک کے دارالحکومتوں میں ہونے والی کشمیر سرگرمیوں کے حوالہ سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ہماری موثر مہم اور لابی کا نتیجہ یہ ہے کہ لیبر پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی اور برطانوی پارلیمنٹ میں 100سے زائد ہمارے ہمنوا اور دوست ممبران برطانوی پارلیمنٹ کیلئے منتخب ہو چکے ہیں اور اگلے دو مہینوں میں ہم ان ممبران کو ان کے حلقوں میں، برطانوی پارلیمنٹ کے اندر اور دیگر شہروں میں جا کر باقاعدگی سے ملتے رہیں گے اور اس بات پر قائل کریں گے کہ وہ نئی منتخب شدہ پارلیمنٹ میں کشمیر کے حوالہ سے اپنا موثر کردار اد اکریں۔ اس سلسلہ میں ڈیبی ابراہمز چیئر پرسن آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ کی قیادت اور سرپرستی میں برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر ڈیبیٹ بھی منعقد کروائی جائے گی اور برطانیہ بھر میں کشمیر دستخطی پیٹیشن مہم بھی چلائی جائے گی اور ایک لاکھ دستخط حاصل کئے جائیں گے اور برطانوی پارلیمنٹ میں بیک بینچ بزنس کمیٹی کے زریعے برطانوی حکومت سے مطالبات بھی کئے جائیں گے اور اس بات کی بھرپور کوشش بھی کی جائے گی کہ تمام تنظیمیں، تمام کشمیر دوست ممبران پارلیمنٹ، لارڈ میئرز، میئرز اور کونسلرز جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے مشن میں معاونت کریں تاکہ ہم اپنی اس تحریک کو موثر طریقے سے برطانوی حکومت تک پہنچا سکیں اور برطانوی حکومت کے زریعے بھارت پر دباؤ ڈلو اسکیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔ راجہ نجابت حسین ، ذیشان عارف نے برمنگھم کے ممبر پارلیمنٹ طاہر علی، ناٹنگھم نارتھ سے منتخب ہونے والے ممبر برطانوی پارلیمنٹ الیک ڈورس، اولڈہم ویسٹ سے ممبر پارلیمنٹ جم میکمان اور مانچسٹر کے ممبر برطانوی پارلیمنٹ اینڈریو گوئن کو منتخب ہونے اور برطانوی حکومت میں وزارتوں کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں کشمیریوں کے لئے کی گئی خدمات کو سراہا۔ کونسلر نائلہ شریف اور انٹرنیشنل لابی آن کشمیر کی چیئر پرسن کونسلر یاسمین ڈار نے لیبر پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ خصوصی ملاقات کی جس میں بیس اراکین پارلیمنٹ موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے ممبران پارلیمنٹ کو مسئلہ کشمیر ، فلسطین کے حوالہ سے اور اپنی تنظیمی سرگرمیوں پربریف کیا اور انہیں دعوت دی کہ وہ آزاد جموں و کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کا بھی دورہ کریں اور جس طرح وہ بھرپور طریقے سے فلسطین کے مسئلے کو اُجاگر کر رہے ہیں وہ اسی طرح مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے اپنا موثر کردار ادا کریں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کا کیس بھارت کے سامنے پیش کر کے کشمیری رہنماؤں کو رہائی، یاسین ملک کی پھانسی کی سزا ختم کروانے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے آواز بلند کریں۔ راجہ نجابت حسین ،سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر یاسمین ڈار، گریٹر لندن کی چیئر پرسن نادیہ جعفری نے لند ن کے میئر صادق خان اور بحرین کے سفیر شیخ فواد بن محمد ال خلیفہ کے ساتھ بھی خصوصی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر راجہ نجابت حسین ستارۂ پاکستان، ذیشان عارف اور تیمور طارق نے پاکستانی ہائی کمیشن کے آفیشلز اور ممبران برطانوی پارلیمنٹ اور ان کے سٹاف کا شکریہ ادا کیا جو مختلف حوالوں اور مختلف موقعوں پرہماری بھرپور معاونت کرتے ہیں۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پانچ اگست کو مانچسٹر میں تاریخ ساز کشمیری کانفرنس منعقد کی جائے گی جس کے مہمان خصوصی اینڈریو گوئن برطانوی وزیر برائے پبلک ہیلتھ، ڈاکٹر افضل خان CBE اور دیگر ممبران پارلیمنٹ ہوں گے جب کہ برطانیہ بھر سے کشمیری تنظیموں کے عہدیداران، تحریکی کارکنان، لارڈ میئر، میئرز کونسلر اور کمیونٹی رہنما شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل اگلے دومہینوں میں برطانیہ کے مختلف شہروں میں منعقد ہونے والی تقریبات اور قومی دنوں کے حوالوں سے منعقد ہونے والی تقریبات میں برطانیہ کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، برطانوی ممبران پارلیمنٹ اور وزراء کو شرکت کی دعوت دے گی۔ پانچ اگست 2024و مانچسٹر اور بعد ازاں شیفیلڈ، ناٹنگھم، برمنگھم، سٹوک آن ٹرینٹ اور دیگر شہروں میں بھی کشمیر سیمینارز منعقد کئے جائیں گے۔

یورپ سے سے مزید