• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویانا: سفیر پاکستان نے UNIDO کے ڈائریکٹر جنرل کواپنی اسناد پیش کردیں

ویانا (اکرم باجوہ) ویانا میں اقوام متحدہ اور بین الاقوامی اداروں میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر پاکستان محمد کامران اختر ملک نے اپنی اسناد یو این آئی ڈی او کے ڈائریکٹر جنرل جیرڈ مولرکو پیش کردیں ۔ پاکستان کے مستقل نمائندے نے ڈائریکٹر جنرل UNIDO سے ملاقات میں اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اور UNIDO کے درمیان مضبوط شراکت داری ہے جو پانچ دہائیوں پر محیط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوری دنیا میں باالخصوص ترقی پذیر دنیا میں جامع اور پائیدار صنعتی ترقی میں UNIDO کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ UNIDO پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا پاکستان میں UNIDO کے کنٹری آفس کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل نمائندے نے پاکستان کیلئے UNIDO کے کنٹری پروگرام کے نفاذ میں قابل قدر تعاون کو سراہا۔ ڈائریکٹر جنرل جیرڈ مولر نے پاکستان کے مستقل نمائندے کا خیر مقدم کیا اور تنظیم میں پاکستان کے تعمیری کردار پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ UNIDO پاکستان میں صنعتی ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں کی موافقت اور تخفیف میں اپنا موثر کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاکستان UNIDO میں فعال سفارتی پروفائل رکھتا ہے پاکستان پروگرام، بجٹ کمیٹی اور انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ سمیت تمام پالیسی ساز اداروں کا رکن ہے۔ UNIDO نے پاکستان کیلئے 2018-22 کے اپنے ملکی پروگرام کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا ہے اور 77 ملین یورو کی مجموعی فنڈنگ کے ساتھ 09 منصوبوں پر عمل درآمد کیا ہے۔ دونوں فریق اس وقت کنٹری پارٹنرشپ (PCP) کیلئے ایک نیا پروگرام تیار کر رہے ہیں۔
یورپ سے سے مزید