پیرس ( رضا چوہدری) بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی اور مقبوضہ کشمیر کی بنیادی حیثیت تبدیل کرنے کیلئے مظالم اور خون کی ہولی کھیل رہا ہے، اقوام متحدہ اس کا نوٹس لے جو آگ مقبوضہ کشمیر میں سلک رہی ہے وہ کسی وقت بھی دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار زاہد اقبال ہاشمی نے انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 15اگست 2024 بھارت کے یوم آزادی کو دنیا بھر میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔ اجلاس میں مقررین نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، فورم کے ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر کے مسئلے کا پائیدار حل نکالنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر کوششیں تیز کی جائیں، زاہد ہاشمی نے کہا بھارت اب زیادہ دیر تک مقبوضہ کشمیر پر اپنا تسلط قائم نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کی توجہ اور دباؤ کی وجہ سے بھارت کو جلد یا بدیر کشمیر کے مسئلے کا حل نکالنا پڑے گا۔ زاہد ہاشمی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو مزید دبایا نہیں جا سکتا اور ان کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کریں اور بھارت کو انسانی حقوق کی پاسداری پر مجبور کریں۔ جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس راجہ طاہر محمود نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر کے مسئلے کو حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں ہے۔ راجہ طاہر محمود نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان گہرا تعلق ہے اور کشمیری عوام کی جدوجہد میں پاکستان ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا اس موقع پر ایم کے پرویز چوہدری، چوہدری تنویر، روحی بانو، شبانہ چوہدری، صفدر ہاشمی، چوہدری خلیل،زاہد مصطفیٰ اعوان کے علاوہ دیگر نے شرکت کی اور خطاب کیا۔