لندن (مرتضیٰ علی شاہ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے ابھی تک آکسفورڈ یونیورسٹی میں چانسلر کے عہدے کے لئے انتخاب لڑنے کی درخواست نہیں دی ہے لیکن ان کے مشیر زلفی بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان نے مقابلے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ عمران خان کے مشیر برائے بین الاقوامی امور سید زلفی بخاری نے جیو نیوز کو بتایا کہ عمران خان نے تصدیق کی ہے کہ وہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں چانسلر کے عہدے کے لئے الیکشن لڑیں گے، یہ ایک معمولی حیثیت ہوگی لیکن اس میں کئی ایک اہم پوزیشنز ہیں۔ اس میں شامل مسائل بشمول رسائی کا مسئلہ اس حقیقت کی وجہ سے کہ خان اڈیالہ جیل میں ہیں اور جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے دفتر کے ترجمان نے تصدیق کی کہ عمران خان نے ابھی تک درخواست نہیں دی ہے لیکن کئی دیگر امیدواروں نے اپنے کاغذات داخل کر دیئے ہیں۔ دفتر نے ایک بیان میں کہا چانسلر کے انتخاب کیلئے امیدواروں کو اکتوبر کے اوائل میں منظر عام پر لایا جائے گا۔ اگر عمران خان مقابلہ جیت جاتے ہیں تو یہ آکسفورڈ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرے گا کیونکہ صرف گزشتہ ماہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے آکسفورڈ یونیورسٹی کے طالب علم اسرار کاکڑ نے آکسفورڈ یونین کی صدارت جیت کر یہ اعزاز حاصل کرنے والے تیسرے پاکستانی اور بلوچستان کے پہلے شخص کی حیثیت سے تاریخ رقم کی۔ یونیورسٹی نے تصدیق کی کہ درخواست کی آخری تاریخ 18 اگست ہے۔ سید زلفی بخاری نے کہا کہ انہوں نے وکلاء کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں اس نشست کیلئے درخواست دینے کیلئے کاغذی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی ہے، جو 80 سالہ لارڈ پیٹن کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی ہے، جنہوں نے 21 سال بعد اس عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ سابق وزرائے اعظم سر ٹونی بلیئر اور بورس جانسن بھی یونیورسٹی کے چانسلر بننے کے امیدواروں میں شامل ہیں۔ عمران خان نے 1972 میں کیبل کالج، آکسفورڈ سے معاشیات اور سیاست کی تعلیم حاصل کی اور یونیورسٹی کی کرکٹ ٹیم کی کپتانی بھی کی۔ انہوں نے 1971 میں پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کیلئے ڈیبیو کیا اور 2005 سے 2014 تک بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی چانسلر کے کردار کو ایک رسمی سربراہ کے طور پر بیان کرتی ہے، عام طور پر ایک نامور عوامی شخصیت جو منتخب کی جاتی ہے، تمام بڑی تقریبات کی صدارت کرتی ہے۔ یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار نئے چانسلر کے انتخاب کا عمل آن لائن کیا جائے گا۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب چانسلر کے انتخابات روایتی طریقہ کار کے بجائے آن لائن ہوں گے جس میں گریجویٹس کو مکمل تعلیمی لباس میں شرکت کرنا ہوگی۔ یہ عہدہ عام طور پر یونیورسٹی کے فارغ التحصیل افراد کو جاتا ہے، اکثر سیاستدان ووٹر تقریباً 250000 اہل ووٹرز پر مشتمل ہے۔ خان کو سابق وزرائے اعظم سر ٹونی بلیئر اور بورس جانسن سے مقابلہ کا سامناہوگا، جس سے مقابلہ سخت ہونے کی توقع ہے۔ چانسلر کے انتخاب میں ووٹ دینے کے اہل افراد صرف کانووکیشن کے اراکین تک ہی محدود ہوں گے، جن میں آکسفورڈ کے فارغ التحصیل افراد، جنہوں نے اپنی ڈگری یہاں سے لی ہے، شامل ہیں۔ جماعت کے ارکان اور عملے کے ریٹائرڈ ممبران، جو اپنی ریٹائرمنٹ کی تاریخ پر جماعت کے ممبر تھے۔ یونیورسٹی ایسے امیدواروں کی تلاش کر رہی ہے جو یہ ظاہر کر سکیں کہ اپنے میدان میں شاندار کامیابیاں اور اس سے آگے احترام کا حکم دینے کی صلاحیت موجود ہے۔ آکسفورڈ یونین کے صدر اسرار کاکڑ نے جیو نیوز کو بتایا کہ یہ ممتاز پاکستانی سابق طلباء کیلئے یونیورسٹی کیساتھ منسلک ہونے اور پاکستان کو نمایاں کرنے کا بہترین موقع ہے۔ اگرچہ مقابلہ سخت ہوگا لیکن پاکستان کیلئے اس طرح کی نمائندگی کرنا بڑے اعزاز کی بات ہوگی۔