کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہری وفاق کا ٹیکس دیں لیکن ساتھ ساتھ بلدیاتی اداروں کا ٹیکس بھی ادا کریں، یہ وہ شہر ہے جو ملک چلا رہا ہے، شہری ہمارا ساتھ دیں تو ہمیں وفاق اور سندھ کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ وہ ہفتے کو یہاں بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کے صدر دفتر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جس میں میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی سمیت مختلف محکموں کے سربراہ بھی موجود تھے۔ اجلاس میں شہر میں بارشوں کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میئر کراچی نے کہا کہ بارش اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے، زحمت نہیں، کے ایم سی کے زیر انتظام تمام سڑکوں پر برساتی پانی کی نکاسی کے لئے بڑے اور چھوٹے پمپس موجود ہیں۔