اوسلو/کوپن ہیگن/ بارسلونا/ روم/ گلاسگو (پ ر) تحریک کشمیر یورپ کے زیر اہتمام یورپ کے مختلف ملکوں میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں5اگست کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا۔ تحریک کشمیر ناروے کے صدر شاہ حسین کاظمی، اٹلی کے صدر چوہدری بابر وڑائچ، اسپین کے صدر راجہ شفیق تبسم،ڈنمارک کے صدر شہزاد احمد بٹ اور اسکاٹ لینڈ یوکے کے صدر حنیف راجہ نے کہا کہ 5اگست کادن کشمیریوں کیلئے سیاہ ترین دن ہے۔ بھارت نے غیر قانونی اقدامات کر کے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا ،بھارت کے ان ظالمانہ اقدامات کو دنیا کے سامنے پیش کریں گے ۔ بھارت خطے کے امن کیلئے شدید خطرہ ہے، بھارت جس راستے پر چل رہا ہے اگر اسے لگام نہ دی گئی تو اس کے نتائج دنیا کیلئے خطرناک ہوں گے ۔ رہنمائوں نے کہا کہ عالمی امن کی علم بردار قوتوں اور اقوام متحدہ کو مداخلت کر کے بھارت پر دبائو ڈالنا چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات اور امن کا راستہ اختیار کرے ،کشمیری اپنے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں ،دنیا نے ان کے حق کو تسلیم کر رکھا ہےکہ کشمیریوں کو مستقبل کا فیصلہ کرنے کا جمہوری حق دیا جائے گا۔ تحریک کشمیر یورپ کے رہنمائوں نے کہا کہ بھارت جیلوں میں بند حریت قائدین کے ساتھ جو کے انسانیت سوزسلوک کررہا ہے اس کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرائی جائے گی کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اس حوالے سےاپنا کردار ادا کریں، کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بند کرایا جائے، بھارتی فوج کو نکالا جائے، غیر قانونی اور غیر جمہوری بھارتی حربوں اور سازشوں کو روکا جائے۔