اوسلو (ناصراکبر) ناروے میں سفارتخانہ پاکستان کی سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے ناروے کپ میں شریک پاکستان مسلم ہینڈاسٹریٹ چائلڈفٹبال ٹیم اور بیٹر فیوچر پاکستان فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں اور عہدیدارن کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا۔ سفیر پاکستان نے ناروے کپ میں اچھی کرکردگی دکھانے پر ٹیموں کو مبارک باد دی۔ اس موقع پر ڈپٹی ہیڈ آف مشن پاکستان ڈاکٹر رابیل مصطفی سومرو اورویلفیئر اتاشی آصف حمید بھی موجود تھے۔ سعدیہ الطاف قاضی نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچے ناروے کپ میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس سے ناروے سمیت پوری دنیا میں رہنے والے پاکستانی بہت خوش اور ان کے سر فخر سے بلند ہیں۔ سعدیہ الطاف قاضی نے کہا کہ پاکستان کے جھنڈے کو بلند رکھنے کے لیے ہم سب نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ اس موقع پر ٹیموں کی طرف سے سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی کو سبز ہلالی پرچم اور شیلڈ پیش کی گئی ۔ تقریب میں چوہدری مدثر علی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر فٹبال ٹیموں کے کھلاڑیوں نے پاکستان زندہ باد اور پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ کے نعرے لگائے۔