بریڈفورڈ (عبیدمغل) لبرل ڈیموکریٹ کے ڈپٹی گروپ لیڈرکونسلر ریاض احمد نے قونصل جنرل پاکستان زاہدعلی جتوئی سے ملاقات کی اور پاکستانی کمیونٹی کے مسائل قونصل جنرل کے سامنے رکھے۔ کونسلر ریاض احمد نے قونصلیٹ آف پاکستان کے آن لائن اپائنٹمنٹ نظام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برٹش پاکستانیوں اور کشمیریوں کو ویزا کے حصول میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ ناقص آن لائن نظام کی وجہ سے کئی لوگوں کے ہوائی ٹکٹ ضائع ہورہے ہیں۔ کونسلر ریاض کا کہنا تھا کہ ایجنٹ حضرات کیلئے کوئی مسئلہ نہیں ہے ان کو اپوائنٹمنٹ فوری مل جاتی ہیں۔ قونصل جنرل نے اس موقع پر تمام شکایات کو غور سے سنا اور ان کی بابت وضاحت پیش کی ،تاہم آن لائن پاسپورٹ کے مسئلے کے حوالےقونصل جنرل کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ کی معمول کی ڈیمانڈ کے مطابق اپوائنٹمنٹس موجود ہیں تاہم برطانیہ سے حج کیلئے جانے والوں کے اخراجات میں کئی گنا اضافہ اور پاکستان سے سستے حج کی وجہ سے پاکستانی پاسپورٹ کی ڈیمانڈ کئی گنا بڑھ گئی جس پر قونصلیٹ کی نظر ہے تاہم اُن کا کہنا تھا کہ حج کے بعد ڈیمانڈ تیزی سے نارمل سطح پر آرہی ہے۔ایجنٹس حضرات کو آن لائن اپائنٹمنٹ کے حوالے سےقونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ہم نے اس بارے میں بالکل زیرو ٹالرینس پالیسی رکھی ہے، کمیونٹی سےگزارش ہے کہ جو بھی اپوائنٹمنٹ ٹکٹ بلیک کرنے کی کوشش کرے اس کی تحریری شکایت فوراً قونصلیٹ کوکی جائے۔ لوگوں کے ہوائی ٹکٹ ضائع ہونے کےحوالے سے ان کا کہنا تھا ہم بارہا کمیونٹی سے گزارش کرتے ہیں کہ جب تک آپ کا پاسپورٹ، ویزا تیار نہ ہو آپ فلائٹ بک نہ کرائیں اور یہی ایڈوائز سارے ممالک کے ویزا آفیسرز کرتے ہیں۔ کونسلر ریاض احمد نےقونصل جنرل کے مثبت رویئے کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی اپنے قونصلیٹ کے وسائل میں اضافے کیلئےبھرپور کوشش کرے گی۔ کونسلر ریاض نے زاہدجتوئی کو بتایا کہ قونصلیٹ آنے کے لئے لوگوں کوڈبل روڈ کراس کرنی پڑتی ہے جس کی وجہ سے بزرگوں خواتین اور بچوں کو شدید دشواری اورخطرے کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہٰذا وہ بطور کونسلر اس روڈ پر پیڈیسٹرین کراسنگ لگوانے کی کوشش کریں گے۔