• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفارت خانہ پاکستان برسلز میں یوم استحصال کشمیر پر تقریب کا انعقاد

برسلز (حافظ اُنیب راشد) سفارت خانہ پاکستان برسلز میں 5اگست یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی جس میں بھارتی قبضے میں کشمیریوں کی مسلسل جدوجہد اور اس جدوجہد میں انہیں درپیش آنے والے مصائب کا ذکر کیا گیا۔ سفارت خانے کے احاطے میں منعقدہ اس تقریب میں ممتاز مقررین نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی۔ تقریب کا آغاز صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے پیغامات پڑھ کر کیا گیاجس میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے قوم کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ یہ پیغامات سفیر پاکستان آمنہ بلوچ، ڈپٹی ہیڈ آف مشن سید فراز زیدی اور ورلڈ کسٹم آرگنائزیشن میں پاکستان کے مستقل مندوب اسد رضوی نے پڑھ کر سنائے۔ تقریب کے آغاز میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم پیش کی گئی جس میں اس مسئلے کے تاریخی پس منظر کو احسن انداز میں بیان کیا گیا تھا جب کہ پاکستان کے سیاسی منظر نامے کی ایک اہم شخصیت مشاہد حسین سید کا ریکارڈ شدہ پیغام بھی چلایا گیا جس میں مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں عالمی برادری کی ذمہ داری پر زور دیا گیا۔ پاکستان پریس کلب بلجیم کے صدر عمران ثاقب اور سفارت خانے کے پریس افسر صغیر انور وٹو نے خطہ کشمیر اور اس کے لوگوں کی جدوجہد کی داستانوں سے سرشار شاعری سنائی جو کشمیریوں کے ساتھ گہری جذباتی یکجہتی کی عکاسی کررہی تھی۔ کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے IIOJK میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں خاص طور پر5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کے بعد سے شدت اختیار کرنے والے واقعات پر ایک جامع خطاب کیا۔ اس موقع پر یورپی یونین، بلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے یوم استحصال کشمیر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کلیدی خطبہ دیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ختم کرنے کے لیے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی ثابت قدم سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔ یاد رہے کہ ہفتے کے شروع میں ہی سفارتخانے کی عمارت میں یوم استحصال کشمیر کی یاد میں ایک ہفتہ طویل تصویری نمائش کا افتتاح کیا گیا تھا جس میں IIOJK میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے کشمیریوں کے خلاف ڈھائے جانے والے مظالم کی ایک واضح بصری داستان پیش کی گئی تھی۔ اس تقریب میں پاکستانی بلجین کمیونٹی کے ارکان، پاکستانی طلباء اور سفارتخانے کے اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی، جنہوں نے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور بین الاقوامی سطح پر ان کے حقوق کی وکالت کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر آزاد کشمیر کے قومی ترانے کو احترام سے سنا گیا جبکہ شہدائے کشمیر کے لیے دعائے مغفرت اور اس کی آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والوں کی کامیابی کیلئے دعا کی گئی۔
یورپ سے سے مزید