کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے امیدوار طلباء تصور عزیز ، ازلان خان ، جنید ، ثمرین و دیگر نے کہا ہے کہ پی ایم ڈی سی نے ایم ڈی کیٹ انٹری ٹیسٹ کی فیس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 8 ہزار روپے کردی ہے جو بلوچستان کے طلباء کوٹیسٹ میں حصہ لینے سے محروم کرنے کی سازش ہے ، اگر فیس میں کمی نہ کی گئی تو عدالت سے رجوع کریں گے ، یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ 2 لاکھ طلباء ٹیسٹ میں حصہ لیں گے، بھاری فیس کے بدلے انہیں کوئی سہولت نہیں دی جارہی ، ٹیسٹ میں فی طالب علم پر صرف 800 روپے کے اخراجات آتے ہیں مگر 8 ہزار روپے فیس لینا صوبے کے غریب طلباء کے ساتھ ظلم و انصافی ہے ۔ طلباء نے فیس 6 ہزار روپے سے کم کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن فیس کم کرنے کی بجائے 8 ہزار روپے کردی گئی اس ظالمانہ اقدام کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے طلباء کے حقوق کیلئے ہر پلیٹ فارم پر احتجاج اور عدالت رجوع کریں گے ، انہوں نے کہا کہ زیادہ تر طلباء غریب گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں وہ 8 ہزار فیس ادا نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ایم ڈی سی اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے فیس کم کرکے طلباء کی مشکلات کا ازالہ کرے ۔