ویانا (اکرم باجوہ) آسٹریا میں سفارتخانہ پاکستان میں یوم استحصال کشمیر پر سفیر پاکستان محمد کامران اختر ملک کی سربراہی میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیموں کے سربراہان، پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شخصیات ، ترکیہ کی تنظیموں کے صدور نے شرکت کی ۔ تقریب کا آغاز سفارتخانہ کے اسٹاف آفیسر منظور ریاض کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ۔ سیکنڈ سیکرٹری حسن عباس نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ادا کرتے ہوئے تقریب میں مہمانوں کو شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا ،سفیر پاکستان محمد کامران اختر ملک نے اسلامی جمہوریہ پاکستان ے صدر آصف علی زرداری ،وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے پیغامات کمیونٹی کے نام پڑھ کر سنائے ۔ سفیر پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر کے خطے میں کشمیریوں کو ظالمانہ قوانین کے تحت ان کے شہری سیاسی، سماجی، اقتصادی اور ثقافتی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔ بھارتی قابض افواج حالات کو معمول پر لانے میں مکمل ناکام ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کے حقوق کی وکالت کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا تقریب میں بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم پر ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی۔ قیصر مقبول ،ڈاکٹر محمد نعیم محسن ، پروفیسر ملک شوکت، مسرت اعوان ، سابق سفیر حیات مہدی ،ڈاکٹر عماد ترکیہ، یورپین یوتھ ونگ کے صدر ڈاکٹر عارف ترکیہ، کمیونٹی کے سرکردہ افراد ،کشمیری تارکین وطن کے نمائندوں اور ویانا میں مقیم بین الاقوامی سکالرز نے متفقہ طور پر بھارت کے اقدامات کی مذمت کی اور وحشیانہ بھارتی قبضے کے خاتمے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کے حصول پر زور دیا۔