آپ کے مسائل اور اُن کا حل
سوال: میں پاکستان آرمی میں کام کرتا ہوں، ہماری تنخواہ سے کچھ رقم DSP Fund کے نام سے کاٹی جاتی ہے، اس فنڈ پر سالانہ سود ملتا ہے، کیا اس رقم پر ملنے والا سود لینا جائز ہے؟
جواب: صورتِ مسئولہ میں جب کہ ہر حال میں مذکورہ کٹوتی کی جاتی ہے تو اس صورت کا حکم یہ ہے کہ یہ فنڈ کمپنی کی طرف سے ملازمین کے لیے تبرع و انعام ہوتا ہے اور ملازمین کے لیے یہ لینا شرعاً جائز ہوتا ہے۔
احتیاطاً یہ اضافہ نہ لیا جائے تو بہتر ہے۔ اس سلسلے میں ادارہ سودی معاہدہ کرنے کا گناہ گار ہوگا، جب کہ ملازم کا اختیار نہ ہونے کی بنا ءپر اسے گناہ نہ ملے گا۔
البتہ اگر ملازم جبری کٹوتی والی مقدار سے زیادہ رقم اپنی تنخواہ سے اپنے اختیار سے کٹواتا ہے تو اتنی رقم پر ملنے والا اضافہ وصول نہ کرے۔