• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف مرچنٹ نے امریکی ہٹ مین کو حوالہ ہنڈی سے ڈالرز ادا کئے

کراچی (اعزاز سید) آصف مرچنٹ نے امریکی ’ہٹ مین‘ کو حوالہ ہنڈی سے ڈالرز ادا کئے، 2015 سے کم از کم 15 بار ایران، یمن، عراق کا دورہ کیا؛ امریکہ کا پہلا دورہ نہیں تھا۔ تفصیلات کے مطابق دی نیوز کو معلوم ہوا ہے کہ امریکی حکام کی جانب سے مبینہ طور پر سیاسی شخصیت کے قتل کی منصوبہ بندی، ریلیاں نکالنے اور سرکاری دستاویزات کی چوری کے الزام میں گرفتار پاکستانی آصف مرچنٹ نے نان بینکنگ حوالا ہنڈی چینلز کے ذریعے کراچی میں اپنے ماموں سے قاتلوں کو کرایہ پر حاصل کرنے کے لیے 5000 ڈالر مانگے اور وصول کیے۔ تحقیقات سے براہ راست منسلک ایک عہدیدار نے دی نیوز/جیو کو بتایا کہ ہمیں امریکی حکام سے باضابطہ طور پر انٹیلی جنس کی درخواست موصول ہوئی، جس کے بعد ہمیں معلوم ہوا کہ رقم مرچنٹ کو اس کے ماموں کوکب نے بھیجی تھی۔ اس کے ماموں نے کہا کہ اسے مرچنٹ سے رقم کی درخواست موصول ہوئی جس نے کہا کہ اسے کاروبار کے لیے اس کی ضرورت ہے۔ کوکب مہدی کا تعلق K-TEX Apparel نامی کمپنی سے ہے جس نے ایک موقع پر 2 ملین ڈالر کے کپڑے برآمد کیے تھے۔ مرچنٹ 2019 میں پنجاب کے ایک بینک سے استعفیٰ دینے کے بعد سے اپنے ماموں کی کمپنی میں کام کر رہا تھا۔ اس نے بظاہر امریکہ کا دورہ کیا تاکہ وہاں کاروباری امکانات تلاش کر سکے۔ کمپنی کے ٹیلی فون نمبر اب یا تو بند ہیں یا عملہ جواب دیتا ہے کہ یہ دفتر کا درست نمبر نہیں ہے۔ یہ اس کا امریکہ کا پہلا دورہ نہیں تھا، وہ 2013، 2017 اور حال ہی میں 2024 میں کم از کم تین بار گیا تھا۔ پاکستانی حکام کے مطابق اس نے بظاہر بی ون - بی ٹو ویزے پر سفر کیا۔

اہم خبریں سے مزید